خواتین ججز کی ثابت قدمی سے قانونی نظام مزید مضبوط ہوا، چیف جسٹس پاکستان
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی میں خواتین ججز کا کردار قابل ستائش ہے، خواتین وکلا اور ججز کے لیے مزید سازگار ماحول فراہم کریں گے، خواتین ججز کی ثابت قدمی سے قانونی نظام مزید مضبوط ہوا ہے۔
خواتین ججز کے عالمی دن پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں عدلیہ میں خواتین کی بڑھتی ہوئی نمائندگی خوش آئند ہے، خواتین ججز کی خدمات کو تسلیم کرنا ہمارا فرض ہے، صنفی مساوات اور عدلیہ میں خواتین کی شمولیت، ایک مثبت پیش رفت ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ انصاف کی فراہمی میں خواتین ججز کا کردار قابل ستائش ہے، عدالتی نظام میں شفافیت اور انصاف کے فروغ میں خواتین کا کلیدی کردار ہے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے مزید کہا کہ خواتین وکلا اور ججز کے لیے مزید سازگار ماحول فراہم کریں گے، انصاف تک رسائی کو حقیقت بنانے کے لیے کام جاری رکھیں گے، خواتین ججز کی ثابت قدمی اور دیانت داری، آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس موقع پر انصاف کے شعبے میں صنفی مساوات کے فروغ میں ہونے والی پیش رفت کو تسلیم کرتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں، عدلیہ اپنے اس عزم پر قائم ہے کہ وہ ایسا سازگار ماحول فراہم کرے جہاں خواتین وکلا کسی رکاوٹ کے بغیر ترقی کر سکیں، اپنے کردار کو مؤثر طریقے سے نبھا سکیں اور قیادت کر سکیں۔
چیف جسٹس کا کہان تھا کہ آئیے ہم سب مل کر ایک ایسے عدالتی نظام کی تشکیل کے لیے کام کریں جو ہماری معاشرتی تنوع اور مضبوطی کا حقیقی عکس ہو تاکہ انصاف تک رسائی محض ایک وعدہ نہ رہے بلکہ ہر شہری کے لیے ایک حقیقی اور یقینی حقیقت بن جائے۔
چیف جسٹس یحیی آفریدی نے کہا ہے کہ بارکا عدالتی نظام میں کلیدی کردارہے،،وکلا کی شمولیت سے انصاف کی فراہمی کو مؤثر بنایا جائے گا،،انہوں نے وکلاء کو فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کی آن لائن کورسز سے فائدہ اٹھانے کی دعوت بھی دی۔۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے مختلف بارز کے وفود کی ملاقات
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے مختلف بارز کے وفود کی ملاقات کے حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، بہاولپور اور سرگودھا بار کے وفود نے چیف جسٹس سے ملاقات کی۔
اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے وکلاء کو ”ایکسس ٹو جسٹس ڈیولپمنٹ فنڈ“ کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ لاہور میں بار اور بینچ کے درمیان رابطے کے فقدان سے متعلق خدشات پر بات ہوئی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ چیف جسٹس نے وفد کو یقین دلایا کہ لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اس معاملے پر فعال طور پر کام کر رہے ہیں۔ اس موقع پروفد نے چیف جسٹس کو ڈسٹرکٹ بارز کے دورے کی دعوت دی۔
چیف جسٹس نے قانونی برادری کے ساتھ روابط کو ترجیح دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور خاص طور پر دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے بار ایسوسی ایشنز سے ملاقات کی اہمیت پر زور دیا۔
Comments are closed on this story.