Aaj News

اتوار, مئ 04, 2025  
06 Dhul-Qadah 1446  

مخلص اوردیانتدار کاروباری برادری قیمتی اثاثہ ہے، معیشت کا پہیہ یہیں سے چلے گا، وزیراعظم

ملکی کاروباری شخصیات کے وفد کی شہباز شریف سے ملاقات
اپ ڈیٹ 07 مارچ 2025 10:00pm

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مخلص اوردیانتدار کاروباری برادری قیمتی اثاثہ ہے، پاکستان کی معیشت کا پہیہ یہیں سے چلے گا، لوگوں کو روزگار بھی آپ ہی کی کاوشوں سے ملا۔ زراعت، صنعتی ترقی،اورتجارت کا فروغ حکومت کا ہدف ہے۔

ملکی کاروباری شخصیات کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں وفد کے شرکا نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار، کاروباری برادری و سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپ سب کی آمد کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ مخلص اور دیانتدار کاروباری برادری ہمارا قیمتی اثاثہ ہےْ آپ سب نے مشکل وقت میں بھی ملکی صنعتی و معاشی ترقی کے لیے اپنا سرمایہ اس ملک میں لگایا۔

وزیراعظم نے سول سرونٹ پروموشن رولز میں تبدیلی کردی

شہباز شریف نے کہا کہ آپ کی کاوشوں کی بدولت ملک کی معیشت کا پہیہ چلا، لوگوں کو روزگار ملا۔ آپ کی مشاورت سے ملکی معیشت کو بہتری اور تمام شعبوں میں اصلاحات کا سفر جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الحمدللہ ملکی معیشت صحیح سمت کی طرف گامزن ہے، شرح سود اور مہنگائی کی شرح میں خاطر خواہ کمی آ چکی ہے۔ حکومت ملک میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے لیے ساز گار ماحول فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کا سفر مقامی سرمایہ کاروں سے شروع ہوتا ہے۔ آپ سے مشاورت کا مقصد ملک کی معیشت کی ترقی میں تیزی لانا ہے۔ بیرون ملک تعینات ٹریڈ آفسیرز کو تجارت و برآمدت کے فروغ کے حوالے سے واضح اہداف فراہم کیے جا چکے ہیں۔

سمیڈا میں بین الاقوامی معیارکی ورک فورس بھرتی کی جائے، وزیراعظم

اجلاس کے شرکا نے حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ملک میں زراعت کی ترقی کے لیے معیاری بیج کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے نیشنل سیڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام پر حکومت کو خراج تحسین پیش کیا۔

شرکا نے حکومت کے گرین پاکستان انیشی ایٹیو کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت ملکی آئی ٹی کی صنعت دنیا میں تیزی سے مقام بنا رہی ہے۔ اس موقع پر شرکا نے مختلف شعبوں کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔

دورانِ اجلاس وزیرِ اعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں کو کاروباری شعبوں کے نمائندوں و اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کرکے ان سے مشاورت کرنے کی ہدایت کی۔

کاروباری شخصیات کے وفد میں گوہر اعجاز، یاورعلی، عاطف شیخ، فواد مختار، شاہد حسین، ایس ایم تنویر، میاں احسن، سلیم غوری، شہزاد ملک، عثمان ملک، عاطف انعام اور شہزاد اصغر شریک تھے۔

وزیر اعظم سے چینی سفیر کی ملاقات، شہباز شریف کی چینی صدر کو دورے کی دعوت

وزیر اعظم سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی، شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کیانگ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے قومی عوامی کانگریس اور چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کے ”دو اجلاسوں“ کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت اور قوم کو مبارکباد بھی دی۔

ملاقات میں پاکستان اور چین کے دوطرفہ اسٹریٹجک تعلقات کی مثبت رفتارپر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے تمام بنیادی مسائل پر پاکستان کی دیرینہ اور مسلسل حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے چین کے قومی دلچسپی کے امور پر پاکستان کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت اور عوام پاک چین ”آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ“ کو مزید مضبوط کرنے اور نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے پر عزم ہیں۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیکورٹی اور انسداد دہشت گردی تعاون پر پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم نے مسرت کا اظہار کیا کہ اس سال صدر شی جن پنگ کے 2015 میں پاکستان کے تاریخی دورے کی دسویں سالگرہ منائی جا رہی ہے ۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نے اس یادگار موقع کو شایان شان طریقے سے منانے کی ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے صدر شی جن پنگ کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی انتہائی پرخلوص دعوت کی بھی تجدید کی۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے اقتصادی راہداری کے تحت مختلف اقدامات اور منصوبوں کے بروقت نفاذ اور تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے دونوں فریقوں کو مل کر کام کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

چینی سفیر نے چینی قیادت کے لیے نیک خواہشات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو پاک چین دوطرفہ تعاون کی تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔

ملک میں میکرو اکنامک صورتحال کو بہتر بنانے میں حکومت کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے، چینی سفیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین پاکستان کی قومی ترقی کوششوں میں مکمل حمایت اور تعاون جاری رکھے گا۔

PMLN

federal government

PM Shehbaz Sharif