رمضان المبارک میں کراچی سمیت لاہور اور پشاور میں چینی کی قیمتوں میں اضافہ
وزیراعظم شہباز شریف کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں نے چینی کی قیمت بیس سے پچیس روپے فی کلو بڑھا دی، کراچی اور لاہور میں چینی 170 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ پشاور میں دام 175 روپے تک جاپہنچے۔ ادارہ شماریات نے بھی قیمت پانچ روپے بڑھنے کی تصدیق کردی۔
ذرائع کے مطابق رمضان کے چھ روز کے دوران چینی کی ریٹیل قیمت 15 سے 20 روپے بڑھ گئی، چینی کی فی کلو قیمت 170 روپے پر پہنچ گئی۔
ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 6 روپے اضافے کے بعد 160 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔
ادھر ماہ رمضان میں پشاور کے شہریوں کو بھی ریلیف نہ مل سکا، شہر میں ہول سیل ریٹ پر چینی 164 روپے اور پرچون میں 175 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔
علاوہ ازیں لاہور میں چینی 170 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ جبکہ 50 کلو چینی کے تھیلے کی قیمت میں 250 روپے کا اضافہ ہوگیا جس کے بعد قیمت 8250 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے ہفتہ وار بنیادوں پرمہنگائی کے اعداد وشمار
دوسری جانب ادارہ شماریات کےہفتہ وار بنیادوں پرمہنگائی کے اعداد وشمار جاری کر دیے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.09 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ ہوئی۔ مہنگائی کی سالانہ شرح 0.87 فیصد کی سطح پر آ گئی، ایک ہفتے کے دوران 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق 20 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 18 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کیلے 18 روپے فی درجن تک مہنگے ہوگئے، چینی مزید 5روپے مہنگی، 162روپے 64 پیسےفی کلو رہی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 83 روپے 25 پیسے تک مہنگا ہوا۔ انڈے فی درجن 7 روپے 23 پیسے، مٹن 6 روپے 56 پیسےمہنگا ہوا، 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 روپے 91 پیسے، بیف 50 پیسے تک مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ کپڑے، گڑ، سگریٹ اور چاول بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ایک ہفتے میں پیاز 4 روپے 95 پیسے، ٹماٹر 2 روپے تک سستے ہوئے، آلو 2 روپے، دال ماش 4 روپے، باسمتی ٹوٹا چاول 3 روپے تک سستے ہوئے، تازہ دودھ، دال مونگ اور دہی بھی سستی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔
Comments are closed on this story.