Aaj News

ہفتہ, مارچ 22, 2025  
22 Ramadan 1446  

مریم نواز کا اچانک میو اسپتال کا دورہ، شکایت کے انبار پر فوری بڑے فیصلے

وزیراعلیٰ پنجاب کا ایم ایس میؤ اسپتال کو عہدے سے فوری ہٹانے کا حکم
شائع 06 مارچ 2025 03:44pm

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میو اسپتال کا اچانک دورہ کیا، جہاں مریضوں اور تیمارداروں نے شکایات کے انبار لگا دیے، ناقص سہولیات اور بدانتظامی پر وزیراعلیٰ شدید برہم ہو گئیں اور اسپتال انتظامیہ کی سخت سرزنش کی۔

ایم ایس کو فوری عہدے سے ہٹانے کا حکم

دورے کے دوران مریم نواز نے ایم ایس میو اسپتال کو فوری عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا اور کہا کہ اسپتال میں عوام کو درپیش مسائل کسی صورت قابل قبول نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اسپتال کی صورتحال پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”مخلوق رُل رہی ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں، کیا ہمیں اللہ کو جواب نہیں دینا؟“

مریضوں کی شکایات اور انتظامیہ کی غفلت

وزیراعلیٰ مریم نواز نے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور مریضوں کی شکایات سنیں۔ کئی مریضوں نے دوائیوں، سرنج، برنولا اور دیگر طبی سہولیات کی عدم دستیابی کی شکایت کی۔ کارڈیالوجی وارڈ میں کیڑوں کی موجودگی پر وزیراعلیٰ مزید برہم ہوگئیں اور فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

ایک معصوم بچی نے دہائی دیتے ہوئے بتایا کہ ”میری ماں بیمار ہے، رات بھر دوائیوں کے لیے بھاگ کر تھک گئی ہوں“۔ اس پر مریم نواز نے فوری طور پر اسپتال انتظامیہ سے جواب طلب کیا۔

ہنگامی اجلاس اور اصلاحی اقدامات

دورے کے دوران ہی وزیراعلیٰ پنجاب نے میو اسپتال میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا اور تمام ذمہ داران کی جواب طلبی کی ہدایت کی۔

انہوں نے حکم دیا کہ ادویات کی 100 فیصد فراہمی یقینی بنائی جائے، میڈیسن کے واجبات فوری ادا کیے جائیں تاکہ مریضوں کو دوائیوں کی قلت کا سامنا نہ ہو، میو اسپتال کی تعمیر و مرمت کے لیے جامع پلان پیش کیا جائے، صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

مریضوں سے ہمدردی اور فوری ریلیف

مریم نواز نے سندھ سے آئے مریض جوڑے کی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کی ہدایت کی اور گوجرانوالہ سے علاج کے لیے آئی ایک خاتون کو گلے لگا کر تسلی دی۔ گردے کے مرض میں مبتلا ایک بچی کی ماں کی اپیل پر فوری ٹرانسپلانٹ کے اقدامات کا حکم بھی دیا۔

انہوں نے اسپتال کے اسٹور میں جا کر ادویات، سرنج اور دیگر ضروری اشیاء کی دستیابی کو چیک کیا اور اسپتال کے مختلف وارڈز بشمول ایمرجنسی بلاک، ٹی بی اینڈ چیسٹ وارڈ، آئی سی یو اور کارڈیالوجی وارڈ کا جائزہ لیا۔ انتظامیہ کے لیے سخت وارننگ

وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ صحت کے سیکریٹری کو ہدایت دی کہ تمام ذمہ داروں کا تعین کر کے سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں اسپتال کی صورتحال بہتر ہو سکے۔

مریم نواز کا دورہ مریضوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوا، لیکن یہ دیکھنا باقی ہے کہ اسپتال کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کب تک مکمل ہوتے ہیں۔

cm punjab

Maryam Nawaz

lahore

Maryam Nawaz Sharif

CM Punjab Maryam Nawaz