امریکی صدر کی جانب سے انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے کردار کا اعتراف، وزیراعظم کا خیرمقدم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے افغانستان میں انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنا اور سراہنا قابلِ تحسین ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو کانگریس کے مشترجہ اجلاس سے خطاب کے دوران 2021 میں افغانستان سے امریکی انخلا کو ”تباہ کن اور نااہلانہ فیصلہ“ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس دوران کابل ایئرپورٹ پر خودکش دھماکے میں 13 امریکی فوجیوں کی ہلاکت امریکی تاریخ کا ”سب سے شرمناک لمحہ“ تھا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا، ’میں فخر کے ساتھ اعلان کر رہا ہوں کہ میری انتظامیہ نے اس بھیانک حملے کے مرکزی دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے، اور وہ اس وقت امریکا آ رہا ہے تاکہ امریکی انصاف کی تیز دھار تلوار کا سامنا کرے۔‘
صدر ٹرمپ نے پاکستان کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس ”درندے“ کی گرفتاری میں امریکا کی مدد کی۔
پاکستان نے امریکا کو انتہائی مطلوب داعش کمانڈر کو کیسے گرفتار کیا؟
جس کے بعد وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف اہم کردار ادا کیا ہے اور اس لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی تمام اقسام اور مظاہر سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے اور اس جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے 80 ہزار سے زیادہ بہادر فوجیوں اور شہریوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، لیکن ملک سے اس لعنت کے خاتمے کے لیے قوم اور قیادت کا عزم غیر متزلزل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے امریکہ کے ساتھ اپنی قریبی شراکت داری جاری رکھے گا تاکہ دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں استحکام کے مشترکہ مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔
Comments are closed on this story.