’مسک چور ہے‘، ٹرمپ کے کانگریس خطاب کے دوران اپوزیشن کا شدید احتجاج
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کانگریس سے پہلے خطاب کے دوران اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹس نے شدید احتجاج کیا اور مختلف پلے کارڈز اٹھا کر اپنی مخالفت کا اظہار کیا۔
ڈیموکریٹس اراکین نے ایسے سیاہ بورڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ”میڈیکیڈ بچاؤ“، ”ویٹرنز کا تحفظ کرو“ اور ”مسک چور ہے“ جیسے نعرے درج تھے۔ یہ احتجاج اس پس منظر میں سامنے آیا کہ ایلون مسک ٹرمپ انتظامیہ میں ”ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشینسی“ (DOGE) کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اپنی تقریر میں دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت نے 43 دن میں وہ کام کر دیا جو پچھلی حکومت چار سال میں نہیں کر سکی۔ اس بیان پر بعض ڈیموکریٹس نے ”جھوٹ“ لکھے ہوئے پلے کارڈز اٹھا کر ٹرمپ کی باتوں کو چیلنج کیا۔
اپنے خطاب کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ جو بائیڈن کی پالیسیوں نے ’توانائی کی قیمتوں میں اضافہ کیا، روزمرہ اشیاء کو مہنگا کیا اور لاکھوں امریکیوں کے لیے زندگی کی بنیادی ضروریات کا حصول مشکل بنا دیا۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’بطور صدر، میں ہر روز اس نقصان کا ازالہ کرنے اور امریکا کو دوبارہ سستا بنانے کے لیے لڑ رہا ہوں۔‘
خطاب کے دوران ڈیموکریٹ رکن ایوان، ایل گرین نے نعرہ لگایا کہ ’آپ کو کوئی مینڈیٹ حاصل نہیں‘، جس کے بعد انہیں ایوان سے باہر نکال دیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے احتجاج کے دوران ڈیموکریٹس سے کہا، ’کم از کم آج کی رات، امریکا کی بے شمار کامیابیوں کا جشن منانے میں ہمارے ساتھ شامل ہوں۔ اگر آپ اپنے ملک سے محبت کرتے ہیں، تو آئیں مل کر کام کریں اور واقعی امریکا کو دوبارہ عظیم بنائیں۔‘
Comments are closed on this story.