بھارت کا سب سے امیر کامیڈین، جس نے دولت میں جانی لیور اور کپل شرما کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
بھارت میں جب بھی کامیڈینز کا ذکر آتا ہے تو کپل شرما، جانی لیور سے لے کر راجپال یادو تک کئی نام ذہن میں آتے ہیں۔ لیکن دولت کے معاملے میں ایک کامیڈین سب سے آگے ہے۔ بھارت کے اس امیر ترین کامیڈین نے لوگوں کو ہنسا کر بھارتی 500 کروڑ سے زیادہ کی دولت کمائی ہے۔
بھارتی فلم انڈسٹری میں ہمیشہ سے ہی کامیڈینز کا راج رہا ہے۔ کوئی ایسی فلم نہیں جس میں کامیڈین موجود نہ ہو۔ کامیڈینز بالی ووڈ سے لے کر ساؤتھ انڈسٹری تک ہر جگہ دیکھے جا سکتے ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ بھارت کا سب سے امیر کامیڈین کون ہے؟
حیرت انگیز طور پر یہ کامیڈین نہ صرف نئے مشہور اسٹینڈ اپ کامیڈینز جیسے کپل شرما سے کہیں آگے ہے بلکہ اس کا تعلق بالی ووڈ سے نہیں بلکہ جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری سے ہے۔ یہ کامیڈین، جو زیادہ تر ساؤتھ انڈین فلموں میں نظر آتا ہے، 500 کروڑ کی جائیداد کا مالک ہے۔
بھارت کے امیر ترین کامیڈین کون؟
”اکنامک ٹائمز“ کی رپورٹ کے مطابق، بھارت کے امیر ترین کامیڈین ”براہمنندم“ ہیں۔ انہیں آپ نے کئی ساؤتھ فلموں، خاص طور پر تیلگو سنیما میں لوگوں کو ہنساتے ہوئے دیکھا ہوگا۔ کنّیگانتی براہمنندم، جو براہمنندم کے نام سے مشہور ہیں، نے 35 سالہ فلمی کیریئر میں بے پناہ شہرت اور دولت کمائی ہے۔

لیکچرر سے کامیڈین تک کا سفر
آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے براہمنندم نے فلم انڈسٹری میں یہ مقام برسوں کی محنت کے بعد حاصل کیا۔ اپنے کامیڈی کیریئر کی شروعات سے پہلے وہ ایک لیکچرر کے طور پر کام کرتے تھے۔ لیکن ان کی شاندار نقل اتارنے کی صلاحیت اور تھیٹر سے لگاؤ نے انہیں فلموں تک پہنچا دیا۔ بڑے پردے پر آنے سے پہلے وہ ٹی وی کے لیے بھی کام کر چکے تھے، جس کے بعد انہیں فلموں میں موقع ملا۔
براہمنندم اب تک تقریباً 1100 فلموں میں کام کر چکے ہیں۔ اپنے فلمی کیریئر میں انہوں نے فلم فیس کے ذریعے بھاری رقم کمائی۔ کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس کامیڈین اسٹار کی مجموعی دولت 505 کروڑ روپے ہے۔
کپل شرما اور جانی لیور سے بھی آگے
اس دولت کے ساتھ، براہمنندم بھارت کے سب سے امیر کامیڈین ہیں۔ ان کے بعد کپل شرما کا نمبر آتا ہے، جن کی دولت 300 کروڑ روپے ہے۔ وہیں، بالی ووڈ کے مشہور کامیڈین جانی لیور کی مجموعی دولت 280 کروڑ روپے ہے۔
Comments are closed on this story.