صدر زرداری نے حکومت سے ایک سالہ کارکردگی کی رپورٹ طلب کرلی
صدر مملکت آصف علی زرداری نے حکومت سے ایک سالہ کارکردگی کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
صدر آصف علی زرداری 10 مارچ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، جس کے ساتھ ہی دوسرا پارلیمانی سال باضابطہ طور پر شروع ہو جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایوانِ صدر نے حکومت سے ایک سالہ کارکردگی رپورٹ طلب کر لی ہے، تاکہ صدر اپنے خطاب میں حکومتی اقدامات اور کامیابیوں کے اہم نکات پر روشنی ڈال سکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر زرداری کی تقریر میں معیشت کے اہم اقدامات اور ان کے نتائج پر بھی گفتگو متوقع ہے، جبکہ غریب طبقے کے لیے بعض اہم اعلانات بھی کیے جا سکتے ہیں۔ اس حوالے سے ایوانِ صدر نے حکومت سے تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
صدر زرداری اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر، فلسطین اور دیگر اہم علاقائی و عالمی امور پر بھی اظہارِ خیال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر صدر کے خطاب کا دورانیہ 20 سے 25 منٹ رکھا گیا ہے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی کریں گے، جبکہ عسکری قیادت، گورنرز، وزرائے اعلیٰ اور صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز کو بھی اجلاس دیکھنے کی دعوت دی جائے گی۔
Comments are closed on this story.