Aaj News

جمعہ, اپريل 18, 2025  
19 Shawwal 1446  

رواں مالی سال کے 7 ماہ کے دوران ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ

وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی
شائع 27 فروری 2025 01:25pm

وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی، جس میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران ترسیلات زر، برآمدات اور درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کی گئی معاشی آؤٹ لک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جولائی 2024 سے جنوری 2025 تک کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوا اور روپے کی قدر مستحکم رہی۔

معاشی آؤٹ لک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ جولائی 2024 تا جنوری 2025 ترسیلات زر میں 25.2 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا، برآمدات میں 9.7 فیصد اور درآمدات بھی 16.8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جولائی تا جنوری 68 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سے زیادہ سرپلس رہا، اسٹیٹ بینک کے ذخائر 8 ارب ڈالر سے بڑھ کر 11 ارب 20 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہوگئے۔

وزارت خزانہ کے مطابق ایف بی آر محصولات میں جولائی تا دسمبر 26.2 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ رواں مالی سال نان ٹیکس آمدنی میں 82 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ مالی خسارے میں جولائی تا دسمبر 36.1 فیصد کی کمی ہوئی۔

وزارت خزانہ کی ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری، ترسیلات زر، برآمدات اور درآمدات میں اضافہ

رپورٹ کے مطابق 7 ماہ میں مہنگائی کی شرح 28.7 فیصد سے کم ہو کر 6.5 فیصد پر آگئی، بیرون ملک ملازمت کے لیے 63 ہزار سے زیادہ پاکستانی جنوری 2025 میں گئے۔

یاد رہے کہ ستمبر 2024 میں ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کے حوالے سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی تقریباً 3 سال بعد سنگل ڈیجٹ پر آگئی اور اگست میں مہنگائی کی شرح 9.64 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کی گئی تھی، جس کے اعداد و شمار کے مطابق افراط زر کی شرح 34 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی تھی، جو اگست میں 9.64 فیصد رہی یعنی اکتوبر 2021 کے بعد پہلی بار ملک میں مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ ریکارڈ کی گئی تھی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اگست 2024 میں سالانہ بنیادوں پر کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کی مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد رہی، جو پچھلے مہینے میں 11.1 فیصد تھی، یوں ماہانہ مہنگائی کی شرح 0.39 فیصد رہی جب کہ اگست 2023 میں مہنگائی کی شرح 27.4 فیصد تھی۔

جنوری میں آئی ٹی برآمدات 12.4 فیصد کم ہوکر 265 ملین ڈالر رہ گئیں

کراچی کی بروکریج فرم، ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق بھی اگست کی ریڈنگ ’34 ماہ کی کم ترین سطح پر تھی‘۔

اسلام آباد

remittance

Ministry of Finance

Pakistan's Economy

Outlook Report

import export

Monthly Economic Outlook Report

Economic Outlook Report