Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
25 Ramadan 1446  

کینالز بنانے کیلئے پانی نہیں، ہم سندھ کے پانی پر ڈاکا ڈالنے نہیں دینگے، مراد علی شاہ

نیشنل ہائی وے کی خرابی کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، سکھر میں پاکستان لٹریچر فیسٹیول سے خطاب
اپ ڈیٹ 25 فروری 2025 05:41pm

دریائے سندھ پر کینالز بنانے کیلئے پانی نہیں۔ ہم سندھ کے پانی پر ڈاکا ڈالنے نہیں دینگے۔۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا سکھر میں پاکستان لٹریچر فیسٹیول سے خطاب ۔۔ کہا نیشنل ہائی وے کی خرابی کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے۔

سکھر میں پاکستان لٹریچر فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہے، آج پاکستان لٹریچر فیسٹیول چیپٹر2 کا آغاز ہورہا ہے، سندھ حکومت ہر شعبے کے لوگوں کو سہولیات فراہم کررہی ہے، ہم آرٹس اینڈ کلچر کے فروغ کے لیے اقدامات کررہے ہیں، ملکی ترقی کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے ہم بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، سندھ کے حقوق پر ڈاکے کا منصوبہ بننے نہیں دیں گے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں پانی ہے نہ کینال بنانے کی گنجائش ہے، کینالز کی تعمیر کو روکنے کے لیے ہڑتال کی ضرورت نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو نے کالا باغ ڈیم کے خلاف دھرنا دیا تھا، ہمیں دھرنا دینے کی ضرورت نہیں، صدر آصف زرداری اور سندھ حکومت موجود ہے، ہم سندھ کے لوگوں کے محافظ ہیں۔

جعلی خبروں کا پھیلاؤ معیشت پر سنگین اثرات مرتب کر سکتا ہے، شرجیل میمن

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سکھر حیدر آباد موٹر وے بننا چاہیے، سکھر ایئر پورٹ پر فلائٹس کم ہونا بھی زیادتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایک بار پھر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کو سکھر میں اتنے بڑے فیسٹیول کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس سے پہلے کوئٹہ، کشمیر، لاہور میں بھی فیسٹیول کرواچکے ہیں، فن و ثقافت کے فروغ کی جو ذمہ داری احمد شاہ نے لی ہے یہ فیسٹیول کا حصہ ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ فیسٹیول میں آرٹس کلچر، اکنامی، انوائرمنٹ ، ٹیکنالوجی اور دیگر اہم موضوعات پر سیشن بھی منعقد ہوں گے۔ جب تک ہم ایک جگہ اکٹھا نہیں ہوں گے، کامیابی ہماری مقدر نہیں بن سکتی، فرد واحد کچھ نہیں ہوتا،ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا، ہم پرائمری ایجوکیشن کی طرف بھی توجہ دے رہے ہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ سندھ کی تاریخ 5 ہزار سال سے زیادہ ہے، لسبیلہ سے لے کر تربیلا تک سندھو بولی جاتی تھی، شیکسپیئر ہو یا کوئی اور انہوں نے عورتوں کو کبھی اپنا ہیرو نہیں بنایا، شاہ عبداللطیف بھٹائی نے عورتوں کو ہمیشہ بلند مقام دیا۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام دوروزہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول 2025 سکھرچیپٹر II کی افتتاحی تقریب کا انعقاد فٹبال گراﺅنڈ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں کیاگیا جس کا افتتاح مہمانِ خصوصی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کیا۔

افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقارعلی شاہ ، ناصر حسین شاہ، سید خورشید شاہ، مشاہد حسین سید، میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ، ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ ، ضیاءالحسن لنجار، مکیش کمار چاﺅلہ، غلام نبی میمن، مدد علی سندھی، غازی صلاح الدین، معروف اداکار مصطفی قریشی، منور سعید، ادیبہ نور الہدیٰ شاہ، طلبہ و طالبات سمیت ادب و فنون سے وابستہ شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پہلے روز کا اختتام سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے کرکٹ گراﺅنڈ میں صوفی نائٹ پر کیا گیا جس میں حمزہ اکرم قوال و ہمنوا ، صنم ماروی اور احسن باری نے پرفارم کیا۔

CM Sindh

Murad Ali Shah

Sukkur

Indus River

Pakistan Literature Festival