ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 10 خوارج ہلاک
ضلع خیبر کے علاقے باغ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 10 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 23 اور24 فروری کی درمیانی رات خیبرکے علاقے باغ میں آپریشن کیا، آپریشن کے دوران فوجی دستوں نے خوارج کے ٹھکانے کو موٴثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 10 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے جبکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خطرے کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران 7 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
گزشتہ ہفتے سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جینس بیسڈ کارروائی میں 30 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔
وزیراعظم کا خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع خیبر میں 10 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، حکومت اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل سد باب کے لیے متحد ہیں، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا خراج تحسین
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضلع خیبر کے علاقے باغ میں خوارج دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دوران آپریشن 10 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا، 10 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرکے سکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے، قوم کو بلاشبہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر فخر ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا خراج تحسین
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ضلع خیبر میں خوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش اور 10 خوارج دہشت گردوں جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی جرات اور بہادری کو سراہا۔
سیدال خان نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج فتنۃ الخوارج کی سرکوبی کیلئے کامیاب کاروائیاں کررہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔
Comments are closed on this story.