Aaj News

بدھ, اپريل 23, 2025  
24 Shawwal 1446  

نئے پوپ کے انتخاب کے دوران کیا کچھ ہوتا ہے؟ حیران کن اور دلچسپ تفصیلات

دنیا میں نصف سے زائد مسیحی آبادی رومن کیتھولک چرچ سے وابستہ ہے
شائع 24 فروری 2025 05:41pm

نئے پوپ کا انتخاب کے دوران کیا کچھ ہوتا ہے؟ حیران کن اور دلچسپ تفصیلات سامنے آگئیں۔

پوپ فرانسس کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اس بات کا امکان ہے کہ حکام پہلے ہی یہ سوچ چکے ہوں گے کہ ان کی جگہ کون لے گا؟

دنیا بھر میں نصف سے زائد مسیحی آبادی رومن کیتھولک چرچ سے وابستہ ہے۔ ان کا مرکز اٹلی کے شہر روم میں واقع ’’ویٹی کن سٹی‘‘ (Vatican City) ہے، جسے 11فروری 1929ء کو اٹلی کے آمر مطلق بینیٹو مسولینی نے الگ ریاست کا درجہ دے دیا تھا۔

ویٹی کن کا کُل رقبہ 110 ایکڑ اور آبادی 800 سے کچھ زیادہ ہے۔ اس کی سرکاری زبان اطالوی اور مذہبی زبان لاطینی ہے۔ ویٹی کن سٹی اور Holy See دو الگ الگ حیثیتیں رکھنے والے وجود ہیں۔

پوپ کے انتخاب کا طریقہ کار

1۔ تمام سینئر پادری (Cordinals) ویٹی کن کے مرکزی چرچ ہال (Sistine Chapel) میں جمع ہو جاتے ہیں۔ باہر سے ہال کو تالا لگا دیا جاتا ہے۔

2۔ ووٹ دینے کے اہل یہ پادری (Cordinals) خفیہ رائے دہی سے اگلے پوپ کا انتخاب کرتے ہیں۔ اس وقت ایسے پادریوں (Cordinals) کی تعداد 115 ہے۔ ان کی دو تہائی تعداد 115 میں سے 77) کے ووٹ لینے والا رومن کیتھولک چرچ کا اگلا پاپائے اعظم بنا۔ موجودہ 115 پادریوں میں سے 60 کا تعلق یورپ سے ہے، 19 کا جنوبی امریکا سے، 14 کا شمالی امریکا سے، 11 کا افریقا سے، 10 کا ایشیا اور ایک کا آسٹریلیا سے تعلق ہے۔ کارڈینلز کا تقرر خود پوپ کرتا ہے۔

3۔ ہال میں ’’مقید‘‘ پادری سب سے پہلے حلف اٹھاتے ہیں کہ تمام امور خفیہ رہیں گے، کوئی فرد کسی بھی طریقے سے باہر کی دنیا سے رابطہ نہیں کرے گا، تاکہ پوپ کا چنائو عمل میں آجائے۔

4۔ کارڈینل صاحبان میں سے 3، پرچہ ہائے رائے دہی کی گنتی کے لیے چُنے جاتے ہیں، 3 ہی کارڈینل، انتخاب کے اعداد و شمار چیک کرنے کے لیے مقرر ہوتے ہیں اور مزید 3 کا تقرر، بہت زیادہ ضعیف یا بیمار پادریوں کو رائے دہی میں مدد فراہم کرنے کے لیے ہوتا ہے۔

5۔ ہر کارڈینل، اپنی تحریر کو چُھپا کر اور بدل کر، کسی ایک فرد کا نام بیلٹ پیپر پر درج کرتا ہے۔ پرچہ کو دو تہہ دے کر قربان گاہ تک لے جاتا ہے۔ وہاں وہ مسیح سے عہد کرتا ہے اور اپنا ووٹ ایک پلیٹ میں رکھ کر اسے ایک بڑے صندوق میں گرا دیتا ہے۔

6۔ اب 3 شمار کنندہ پادری اپنا کام شروع کرتے ہیں۔ ایک پادری صندوق کو اس طرح ہلاتا ہے کہ بیلٹ گڈمڈ ہو جائیں۔ دوسرا پادری پرچے گن کر اطمینان کر لیتا ہے کہ ہال میں موجود تمام پادریوں نے اپنا ووٹ استعمال کر لیا ہے۔ پھر تیسرا کارڈینل ایک ایک بیلٹ پر موجود نام اونچی آواز میں پڑھتا جاتا ہے۔ یہ نام ایک کاغذ پر درج کرلیے جاتے ہیں۔

7۔ پہلے روز ایک ہی بار رائے دہی کا عمل کیا جاتا ہے۔ اگر کسی فرد کو دو تہائی آرا نہ ملی ہوں، تو ووٹنگ اگلے روز تک کے لیے ملتوی کر دی جاتی ہے۔ اگلے روز پھر اسی طرح رائے دہی اور رائے شماری کا عمل دہرایا جاتا ہے۔ یہ عمل اُس وقت تک بار بار دہرایا جاتا ہے، جب تک کہ کسی ایک پادری کو دو تہائی ووٹ نہ مل جائیں۔ بعض اوقات کئی روز یا کئی ہفتے بھی لگ جاتے ہیں۔

8۔ جب کسی پادری کو مطلوبہ تعداد میں رائے مل جاتی ہے تو پادریوں کے ادارے کا رئیس (Dean of the College of Cordinals) اُس سے استفسار کرتا ہے کہ آیا وہ یہ عہدہ قبول کر رہا ہے؟ جس لمحے وہ ’’قبول ہے‘‘ کی آواز بلند کرتا ہے، اسی لمحے نیا پوپ مقرر ہو جاتا ہے۔ پھر وہ اپنے پاپائی نام (Papal Name) کا اعلان کرتا ہے، جو دنیا بھر کے سامنے پیش کر دیا جاتا ہے۔ نئے پوپ نے فرانسس کا نام اختیار کیا ہے۔

9۔ پادریوں کے بیلٹ پیپرز ہر رائے شماری کے بعد جلا دیئے جاتے ہیں۔ جلتے کاغذ کا دھواں، آتش دان کی چمنی سے باہر جاتا ہے۔ کسی کیمیائی مادّے سے اس کا رنگ سیاہ یا سفید بنایا جاتا ہے تاکہ باہر کی دنیا کو اندر ’’مقید‘‘ پادریوں کے فیصلے سے آگاہ کیا جاسکے۔ چمنی سے نکلنے والا دھواں اگر سیاہ ہو تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ابھی کسی کو دوتہائی اکثریت نہیں ملی ہے۔ پوپ کا چُنائو ہو جانے پر جو بیلٹ پیپرز جلائے جاتے ہیں، اس کا دھواں سفید ہوتا ہے، جسے دیکھ کر باہر منتظر لوگوں کو خبر ہو جاتی ہے کہ پاپائے اعظم کا تقرر عمل میں آگیا ہے۔ پھر کلیسائے اعظم کی گھنٹی بجائی جاتی ہے۔

10۔ اس کے بعد نیا پوپ مخصوص پاپائی لباس پہن کر ویٹی کن سٹی کے سینٹ پیٹرز کلیسا کی بالکونی میں دیگر پادریوں کے ساتھ آجاتا ہے۔ باہر چوک میں ہزاروں منتظر مسیحی عقیدت مند، نئے پوپ کا پہلی بار دیدار کرتے اور نعرے لگاتے ہیں۔

11۔ ہر پوپ کی مخصوص انگوٹھی ہوتی ہے، جو وہ اہم دستاویزات کی منظوری کے وقت بطور مہر بھی استعمال کرتا ہے۔ پوپ کے مرنے یا مستعفی ہونے کی صورت میں وہ انگوٹھی بِلاتاخیر ضائع کر دی جاتی ہے، تاکہ بعد میں کسی دستاویز میں جعلسازی کا امکان نہ رہے۔

world

Pope Francis

New pope