لطیف کھوسہ کا صحافیوں کے حقوق کےتحفظ کے لیے ہرممکن قانونی مدد مفت فراہم کرنے کا فیصلہ
پی ٹی آئی رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک شدید بحران کا شکار ہے، کسی بھی غیرآئینی اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا، اسد قیصرکا آئین اورعوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان۔ سلمان اکرم راجا نے کہا الیکشن مخصوص طبقے کو خوش کرنے کے لیے تھے، لطیف کھوسہ کا صحافیوں کے حقوق کےتحفظ کے لیے ہرممکن قانونی مدد مفت فراہم کرنے کا فیصلہ۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں اور پی ٹی رہنماؤں نے کراچی پریس کلب میں صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی اور سیکریٹری سہیل افضل خان سمیت گورننگ باڈی کے دیگر ارکان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں عوامی مینڈیٹ کو پس پشت ڈالا گیا، اور یہ انتخابات محض ایک مخصوص طبقے کو خوش کرنے کے لیے کروائے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی عوام کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک اس وقت شدید بحران کا شکار ہے اورجب تک آئین کی بالادستی کو یقینی نہیں بنایا جاتا، پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا۔ ملک غلط حکمرانوں کے ہاتھ میں آ کر بحران میں گھرا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ضمیر فروشی عام ہو چکی ہے، جہاں سچ بولنے والے غدار اور جھوٹ بولنے والے معتبر بن جاتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ نے پیکا ایکٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون آزادی اظہار پر قدغن لگانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قانونی مدد مفت فراہم کریں گے۔
اس موقع پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ وہ ملک میں جمہوریت، آئین اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور کسی بھی غیر آئینی اقدام کو قبول نہیں کریں گے۔
Comments are closed on this story.