Aaj News

منگل, اپريل 22, 2025  
23 Shawwal 1446  

آسٹریلیا، انگلینڈ میچ میں بھارت کا ترانہ چل گیا، پی سی بی نے وضاحت مانگ لی

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میچ سے قبل بھارتی ترانہ بجنے پر تنقید ہونی لگی
اپ ڈیٹ 22 فروری 2025 09:45pm

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ میں بھارت کا ترانہ چلنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے احتجاج کیا ہے، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے وضاحت طلب کرلی۔

لاہور میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میچ میں بھارت کا ترانہ چل گیا، بھارتی ترانہ بجنے پر تنقید ہونی لگی، میچ میں آسٹریلیا کے ترانے سے قبل بھارت کا قومی ترانہ چند سیکنڈز کے لیے چلا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے وضاحت طلب کرلی کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے میچ میں بھارتی ترانہ کیسے چلا؟

ذرائع نے بتایاکہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ترانے کی پلے لسٹ آئی سی سی نے تیار کی تھی، بھارت کے پاکستان میں نہ ہونے کے باوجود بھی آئی سی سی نے پلے لسٹ میں بھارت کا ترانہ رکھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میچ میں ترانہ چلانا پی سی بی کی نہیں، آئی سی سی کی ذمہ داری تھی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاملے پر آئی سی سی سے رابطہ کیا اور معاملے کی وضاحت طلب کرلی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ ہر کسی کو اس غلطی پر وضاحت دی جائے۔

ذرائع نے مزید کہا کہ آئی سی سی کا ٹورنامنٹ ہے، ہر چیز کو کنٹرول اور ایگزیکیوٹ کرنا آئی سی سی کی ذمہ داری ہے۔ خیال رہے کہ آج میچ سے قبل آسٹریلیا کے ترانے کے بجائے چند لمحے کے لیے بھارت کا ترانہ چلا دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ 20 فروری کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دبئی میں کھیلے گئے میچ میں لائیو کوریج کے دوران ٹورنامنٹ لوگو پر پاکستان کا نام نہ ہونے پر آئی سی سی نے اپنی غلطی تسلیم کرلی تھی۔

آئی سی سی ایونٹس میں لائیو نشریات کے دوران براڈ کاسٹرز کی جانب سے ایونٹ کا لوگو نمایاں کیا جاتا ہے جس میں میزبان ٹیم کا نام ہمیشہ سے موجود ہوتا ہے لیکن بھارت اور بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں ایسا نہ تھا۔

سوشل میڈیا پر موجود ویڈیوز اور تصاویر میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ کراچی میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ کے دوران لائیو نشریات میں چیمپئنز ٹرافی کا لوگو اور اس کے نیچے میزبان ملک یعنی پاکستان کا نام بھی موجود ہے۔

تاہم، دبئی میں کھیلے گئے بھارت اور بنگلہ دیش کے میچ کے دوران ایسا نہ تھا، وہاں چیمپئنز ٹرافی کا لوگو تو موجود تھا لیکن اس سے پاکستان کا نام غائب تھا۔

PCB

Champions Trophy

champions trophy 2025

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

Icc Champions Trophy 2025

icc champions trophy

indian anthem