Aaj News

ہفتہ, اپريل 19, 2025  
21 Shawwal 1446  

سلسلہ عظیمیہ کے مرشد خواجہ شمس الدین عظیمی کی تدفین آج ہوگی

خواجہ شمس الدین عظیمی کا انتقال بروز جمعہ کراچی میں ہوا
اپ ڈیٹ 22 فروری 2025 04:27pm

سلسلہ عظیمیہ کے مرشد اور روحانی ڈائجسٹ کے بانی پبلشر اور چیف ایڈیٹر خواجہ شمس الدین عظیمی گزشتہ روز انتقال کر گئے ہیں۔

خواجہ شمس الدین عظیمی کا انتقال بروز جمعہ کراچی میں ہوا ہے۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ شمس الدین عظیمی فالج اور ہارٹ اٹیک کے باعث 10 روز زیرِ علاج رہے۔

مرحوم خواجہ شمس الدین عظیمی کے بیٹے ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی کے مطابق تدفین ظہر کے بعد مرکزی مراقبہ ہال سرجانی ٹائون میں ہوگی۔

خواجہ شمس الدین عظیمی 17 اکتوبر 1927ء کو سہارنپور، ہندوستان میں پیدا ہوئے تھے۔

شمس الدین عظیمی روحانی ڈائجسٹ کراچی اور روحانی ڈائجسٹ انٹرنیشنل (برطانیہ) کے چیف ایڈیٹر تھے۔

وکی پیڈیا کے مطابق آپ نے پاکستان کے مختلف اخبارات اور میگزین میں روحانی ڈاک، خواب کی تعبیر، قارئین کے مسائل اور پیراسائیکالوجی کے عنوان سے لاتعداد کالم لکھے۔ سیرت طیبہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم، روحانیت، پیراسائیکالوجی اور دیگر موضوعات پر 61 کتابیں اور 60 کتابچے تحریر کیے۔

شمس الدین عظیمی بہاء الدین زکریا یونیورسٹی میں تدریس سے بھی وابستہ رہے۔

سلاسل طریقت کے تحت صوفیائے کرام کے پیغامات اور ان کی تعلیمات کے فروغ کے لیے خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے قلندر شعور فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام خانقاہی نظام کی طرز پر مراقبہ ہال کے نام سے سینٹرز قائم کیے، جن کی تعداد پاکستان میں 61 اور بیرون پاکستان 23 مراقبہ ہال قائم ہیں۔ ان میں امریکا، کینیڈا برطانیہ، ہالینڈ، ڈنمارک، روس، آسٹریلیا، تھائی لینڈ اور دیگر ممالک شامل ہیں۔

Khawaja Shamsuddin Azeemi