Aaj News

ہفتہ, مارچ 29, 2025  
29 Ramadan 1446  

ڈاکٹرز و انجنیئرز کے لیے قرض اسکیم شروع کرنے جارہے ہیں، گنڈا پور

اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر رہے ہیں، انجینئرنگ یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب
شائع 21 فروری 2025 05:29pm

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہمیں ہر شعبے میں خسارے وراثت میں ملے ہیں، ہم اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر رہے ہیں، ہم نےعظیم قوم بننے کے لیے پہلے خود کوعظیم بنانا ہوگا، آئندہ بجٹ میں  ڈاکٹرز و انجنیئرز کے لیے بھی قرض اسکیم شروع کرنے جا رہے ہیں۔

انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور 2025 کے کانووکیشن میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پورنے بحیثیت چانسلر شرکت کی، صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی، یونیورسٹی انتظامیہ و فیکلٹی، گریجویٹس اور ان کے والدین بھی شریک تھے۔

وزیر اعلیٰ نے مجموعی طور پر 555 گریجویٹس کو بیچلر، ماسٹر اور پی ایچ ڈی ڈگریاں دیں، نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے 23 گریجویٹس کو گولڈ میڈلز سے بھی نوازا گیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا ناقص کارکردگی پر سخت ایکشن، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم

کانووکیشن سے خطاب میں وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ گریجویشن مکمل کرنے والے طلبہ، والدین اور فیکلٹی کو  مبارکباد پیش کرتا ہوں، دعا گو ہوں گریجویٹس جس فیلڈ میں جائیں وہ محنت کریں اور ملک و صوبے کا نام روشن کریں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ یو ای ٹی پشاور صرف صوبے کا نہیں بلکہ پورے ملک کا ایک قابل فخر ادارہ ہے، اس ادارے نے انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بڑے بڑے نام پیدا کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ یو ای ٹی وقت کی ضروریات کے مطابق چل رہی ہے اور نئے پروگرامز متعارف کرا رہی ہے، گریجویٹس ریسرچ اور ٹیکنالوجی میں آگے بڑھیں، ان شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔

گنڈا پورنے کہا ہے کہ ہم نے طلبہ کے لیے اسکالرشپس فنڈ بڑھا دیا، طلبہ کو بیرون ممالک تعلیم حاصل کرنے کے مواقع دیئے جا رہے ہیں، صوبے میں طالبات کی تعلیم بالکل مفت کرنے جا رہے ہیں کیونکہ ایک پڑھی لکھی ماں ہی پڑھے لکھے معاشرے کی تشکیل کرتی ہے۔

رمضان پیکج: خیبر پختونخوا حکومت کا مستحق گھرانوں کو 10 ہزار روپے دینے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ ہمیں ہرشعبے میں وراثت میں خسارے ملے، ہم اداروں کو  اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے پر کام کر رہے ہیں، جب ہم نے حکومت سنبھالی تو یونیورسٹیوں کے 72  ارب روپے بقایاجات تھے، ہم کم کر کے 24 ارب روپے پر لے آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسا نظام بنا رہے ہیں جس میں یونیورسٹیوں کو تنخواہ و پینشن کی ادائیگی کا مسئلہ ختم ہو جائے گا، جلد یونیورسٹیاں بحران سے نکل کر خود کفالت کی طرف جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات پر عمل کیے بغیر عظمت و ترقی ممکن نہیں، گریجویٹس کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے صنعتی شعبے کے فروغ پر کام کر رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں ڈاکٹرز و انجنیئرز کے لیے بھی لون اسکیم شروع کرنے جارہے ہیں، تاکہ گریجویٹس نوکریاں ڈھونڈنے کی بجائے لوگوں کے لیے نوکریاں پیدا کرسکیں۔

KPK

peshawar

cm kpk

Ali Ameen gandapur