Aaj News

منگل, مئ 06, 2025  
08 Dhul-Qadah 1446  

غریب ممالک کی فہرست میں پاکستان شامل نہ ہونے پر کسے تکلیف ہوئی

دنیا کے 10 غریب ترین ممالک کی فہرست جاری، پاکستان اور بنگلہ دیش کیوں شامل نہیں
شائع 20 فروری 2025 09:27am

معروف جریدے ”فوربز“ نے دنیا کے 10 غریب ترین ممالک کی فہرست جاری کی ہے، جو فی کس جی ڈی پی کی بنیاد پر مرتب کی گئی۔ اس فہرست میں زیادہ تر افریقی ممالک شامل ہیں، جبکہ جنوبی سوڈان دنیا کا سب سے غریب ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔ اس فہرست میں پاکستان اور بنگلہ دیش شامل نہیں ہیں، جسے بھارتی میڈیا نے حیران کن قرار دیا ہے۔

1- جنوبی سوڈان

2011 میں آزادی حاصل کرنے والا مشرقی افریقہ کا یہ چھوٹا ملک سب سے کم فی کس جی ڈی پی رکھنے والا ملک قرار دیا گیا ہے۔ اس کی مجموعی جی ڈی پی 29.99 بلین ڈالر ہے اور آبادی 1.1 کروڑ افراد پر مشتمل ہے۔

2- برونڈی

مشرقی افریقہ میں واقع یہ زمین سے گھرا ہوا ملک شدید غربت کا شکار ہے۔ 2.15 بلین ڈالر کی مجموعی جی ڈی پی کے ساتھ 1.34 کروڑ افراد یہاں آباد ہیں۔ زرعی معیشت اور تیزی سے بڑھتی آبادی غربت کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔

3- وسطی افریقی جمہوریہ

5.84 ملین آبادی اور 3.03 بلین ڈالر کی جی ڈی پی رکھنے والا یہ ملک قدرتی وسائل جیسے سونا، تیل، یورینیم اور ہیروں سے مالا مال ہے، لیکن مسلسل سیاسی عدم استحکام اور مسلح تصادم نے اس کی معیشت کو مفلوج کر رکھا ہے۔

4- ملاوی

جنوب مشرقی افریقہ کا یہ ملک خوبصورت مناظر کے لیے جانا جاتا ہے، مگر 10.78 بلین ڈالر جی ڈی پی اور 2.13 کروڑ آبادی کے ساتھ دنیا کا چوتھا غریب ترین ملک ہے۔ اس کی معیشت کا انحصار بارش پر مبنی زراعت پر ہے، جو موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہوتی ہے۔

5- موزمبیق

سابق پرتگیزی کالونی موزمبیق 24.55 بلین ڈالر جی ڈی پی اور 3.44 کروڑ آبادی کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ دہشت گردی، گینگ تشدد، قدرتی آفات، بیماریوں، تیزی سے بڑھتی آبادی اور زرعی پیداوار میں کمی اس کی غربت کی بنیادی وجوہات ہیں۔

6- صومالیہ

افریقہ کا جنگ زدہ ملک صومالیہ، جو بحری قزاقوں کی کارروائیوں کے لیے بھی بدنام ہے، 13.89 بلین ڈالر جی ڈی پی اور 1.9 کروڑ آبادی کے ساتھ دنیا کا چھٹا غریب ترین ملک ہے۔ خانہ جنگی اور سیاسی عدم استحکام نے اسے معاشی بحران میں دھکیل رکھا ہے۔

7- جمہوریہ کانگو (DRC)

سب صحارن افریقہ کا سب سے بڑا ملک جمہوریہ کانگو 79.24 بلین ڈالر کی جی ڈی پی اور 10.4 کروڑ آبادی کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ کوبالٹ اور تانبے کے وسیع ذخائر کے باوجود اس کی 62 فیصد آبادی یومیہ 180 روپے سے بھی کم میں گزارا کرتی ہے۔

8- لائبیریا

5.49 ملین آبادی اور 5.05 بلین ڈالر جی ڈی پی کے ساتھ مغربی افریقہ کا یہ ملک آٹھویں نمبر پر ہے۔ خانہ جنگیوں، ایبولا جیسے وبائی امراض اور کمزور معیشت نے اسے بدترین غربت میں مبتلا کر رکھا ہے۔

9- یمن

ایران کا قریبی اتحادی یمن 16.22 بلین ڈالر جی ڈی پی اور 3.44 کروڑ آبادی کے ساتھ دنیا کا نواں غریب ترین ملک ہے۔ خانہ جنگی، سیاسی عدم استحکام اور بنیادی سہولیات کی کمی نے یہاں کے عوام کو شدید مشکلات میں ڈال رکھا ہے، جہاں لاکھوں افراد اقوام متحدہ سمیت دیگر تنظیموں کی امداد پر گزارا کر رہے ہیں۔

10- مڈغاسکر

بحر ہند میں واقع جزیرہ نما ملک مڈغاسکر، جو بھارت کا ایک قریبی اتحادی بھی ہے، دنیا کا دسویں غریب ترین ملک قرار پایا ہے۔ 18.1 بلین ڈالر جی ڈی پی اور 3.03 کروڑ آبادی کے ساتھ اس کی معیشت سیاحت اور کان کنی پر منحصر ہے، مگر قدرتی وسائل کی فراوانی کے باوجود غربت کے مسائل سے دوچار ہے۔

یہ رپورٹ دنیا بھر میں جاری اقتصادی مسائل کی نشاندہی کرتی ہے، جس میں افریقی ممالک سب سے زیادہ متاثر نظر آتے ہیں۔ تاہم، پاکستان اور بنگلہ دیش کا اس فہرست میں شامل نہ ہونا ان کی اقتصادی صورتحال میں کچھ بہتری کی علامت ہے۔ اور یہ بات حسب توقع بھارت کو ہضم نہیں ہو رہی۔

پاکستان

Bangladesh

10 Poorest Countries