سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی عدالت طلبی کے بعد عمران خان سے بشریٰ بی بی کی ملاقات
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی عدالت طلبی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سے اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کرادی گئی۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل مینوئل کے مطابق میاں بیوی کی منگل کو 30 منٹ ملاقات کی اجازت ہے، جیل حکام نے گزشتہ 3 مواقع پر ملاقات نہیں کرائی تھی، جس پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔
جیل ذرائع نے بتایا کہ توہین عدالت نوٹس جاری ہونے کے بعد آج ملاقات کرائی گئی۔
عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان سے اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کروائی گئی ہے جو 30 منٹ تک جیل کے کانفرنس روم میں جاری رہی۔
انہوں نے کہاکہ یہ ملاقات جیل مینوئل کے مطابق کرائی گئی ہے۔ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے فیصلے کے بعد عمران خان سے بشریٰ بی بی کی یہ دوسری ملاقات ہوئی ہے۔
فیصل چوہدری نے کہاکہ ہم نے عمران خان کی بشریٰ بی بی سے ملاقات نہ کرانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ عدالتی احکامات کے باوجود جیل حکام ملاقاتوں میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں، پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتوں میں رکاوٹوں پر بھی عدالت عالیہ میں درخواست دائر ہے۔
یہ بھی پڑھیں نکاح کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کیخلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر
واضح رہے کہ آج اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان سے بشریٰ بی بی کی ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں 27 فروری کو عدالت طلب کیا تھا۔
Comments are closed on this story.