Aaj News

جمعہ, مئ 02, 2025  
04 Dhul-Qadah 1446  

اے آئی ٹیکنالوجی اب شادی شدہ جوڑوں کی جھگڑے ختم کرائے گی

امریکہ کی اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی اور ہیچ ڈیٹا اینڈ مینٹل ہیلتھ کے اشتراک سے کی گئی تحقیق میں حیران کن نتائج سامنے آئے
اپ ڈیٹ 17 فروری 2025 09:55am

حالیہ تحقیق کے مطابق، مصنوعی ذہانت یا اے آئی جلد ہی روایتی جوڑوں کے معالج (Couples Therapist) کی جگہ لے سکتی ہے۔ امریکہ کی اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی اور ہیچ ڈیٹا اینڈ مینٹل ہیلتھ کے اشتراک سے کی گئی تحقیق میں حیران کن نتائج سامنے آئے ہیں۔

اس مطالعے میں 830 افراد شریک ہوئے، جن میں تقریباً برابر تعداد میں مرد اور خواتین جوڑے شامل تھے، تحقیق کے دوران چیٹ جی پی ٹی اور انسانی ماہر نفسیات کی فراہم کردہ جوڑوں کے تھراپی سے متعلق مشورے پیش کیے گئے، اور شرکاء کو یہ اندازہ لگانا تھا کہ کون سا جواب انسانی ماہر نے دیا ہے اور کون سا اے آئی نے۔

دلچسپ پہلو یہ تھا کہ زیادہ تر افراد مصنوعی ذہانت اور ماہر نفسیات کے جوابات میں فرق محسوس کرنے میں ناکام رہے۔

اے آئی کے جوابات زیادہ مؤثر کیوں؟

اس تحقیق میں دیکھا گیا کہ چیٹ جی پی ٹی کی دی گئی تجاویز اکثر زیادہ موثر ثابت ہوئیں۔ اس نے نہ صرف گہرے جذبات کو سمجھنے میں مہارت دکھائی بلکہ ثقافتی حساسیت اور ہمدردی کے اظہار میں بھی ماہرین کو پیچھے چھوڑ دیا۔

کیا کسی شادی شدہ جوڑے کا رشتہ کامیاب ہے؟ جاننے کا ایک آسان طریقہ

مثال کے طور پر، ایک سوال میں ایک فرد نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے تعلقات کے آغاز میں بے وفائی کی تھی۔ اے آئی کا جواب تھا، ’یہ ایک بھاری بات ہے جو آپ کے لیے مشکل جذبات کا باعث بن سکتی ہے۔ اس معاملے پر کھل کر بات کرنے اور مؤثر ابلاغ (Communication) سے مدد مل سکتی ہے۔‘

جبکہ ماہر نفسیات کا جواب تھا، ’مجھے افسوس ہے کہ آپ اس صورتِ حال سے گزر رہے ہیں۔ اس طرح کے احساسات بہت تکلیف دہ اور تنہائی کا سبب بن سکتے ہیں۔‘

شرکاء کے جوابات سے ظاہر ہوا کہ چیٹ جی پی ٹی کے جوابات اکثر زیادہ ہمدردی اور مسئلے کو سمجھنے والے معلوم ہوئے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ 56.1 فیصد لوگوں نے ماہر نفسیات کے جواب کو درست پہچانا جبکہ 51.2 فیصد نے چیٹ جی پی ٹی کے جواب کی درست شناخت کی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ دونوں جوابات میں زیادہ فرق محسوس نہیں کیا گیا۔

کیا AI جوڑوں کی مشاورت میں انقلاب لا سکتا ہے؟

یہ تحقیق اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ مصنوعی ذہانت جلد ہی جوڑوں کے مشاورت کے شعبے میں ایک فعال کردار ادا کر سکتی ہے۔ اے آئی کے استعمال سے سستے، آسان اور فوری دستیاب حل مل سکتے ہیں۔ تاہم، محققین نے خبردار کیا ہے کہ ان ماڈلز کو تربیت دینے اور ان پر نگرانی رکھنے کے لیے ماہرینِ نفسیات کی ضرورت رہے گی تاکہ بہترین معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔

شادی شدہ افراد کی شکلیں دیکھیں! بابر اعظم کا دلچسپ بیان

کیا ہم مستقبل میں اے آئی سے مشاورت لینے کو تیار ہیں؟ یہ سوال اب ایک دلچسپ بحث کا حصہ بن چکا ہے۔ ایک طرف، مصنوعی ذہانت کے حل تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، جبکہ دوسری طرف، انسانی جذبات اور حقیقی ہمدردی کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔

Artificial Intelligence

lifestyle

Couples Dispute

AI Help