Aaj News

اتوار, مئ 18, 2025  
20 Dhul-Qadah 1446  

ماورا حسین نے ’صنم تیری قسم‘ کی کامیابی کا سہرا امیر گیلانی کو دے دیا

ماورا حسین کی فلم ’صنم تیری قسم‘ ابتدائی طور پر 2016 میں ریلیز ہوئی تھی
شائع 15 فروری 2025 09:11pm

اداکارہ ماورا حسین نے اپنی بالی وڈ فلم ’صنم تیری قسم‘ کی کامیابی کا سہرا شوہر و اداکار امیر گیلانی کے سر سجا دیا۔

حال ہی میں ماورا حسین نے بھارتی صحافی فریدون شہریار کو آن لائن انٹرویو دیا ہے، جس میں انہوں نے اپنی فلم ’صنم تیری قسم‘ کی شاندار کامیابی اور اس کے سیکوئل کے حوالے سے بات کی ہے۔

ماورا حسین کی فلم ’صنم تیری قسم‘ ابتدائی طور پر 2016 میں ریلیز ہوئی تھی، تاہم اس وقت فلم بری طرح فلاپ ہوگئی تھی۔

بعد ازاں رواں ماہ 7 فروری کو ان کی فلم کو دوبارہ ریلیز کیا گیا اور فلم نے چار دن ہی میں ریکارڈ کمائی کی اور سپر ہٹ قرار پائیں۔

ماورا حسین نے اپنی فلم کی دوبارہ ریلیز سے دو دن قبل ہی 5 فروری کو امیر گیلانی سے نکاح کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا تھا۔

ماورا حسین نے انٹرویو میں کہا کہ ان کی فلم ’صنم تیری قسم‘ 9 سال قبل بنی اور ریلیز ہوئی تھی لیکن وہ اس وقت کامیاب نہ ہوسکی۔

ان کے مطابق گزشتہ 9 سال میں ہر چیز موجود تھی، یعنی فلم بنی ہوئی تھی، اداکار، ہدایت کار اور وہ بھی وہیں تھیں لیکن فلم کی دوبارہ ریلیز کے بعد ان کی زندگی میں امیر گیلانی آئے اور فلم کامیاب ہوگئی۔

اداکارہ نے شوہر کو اپنے لیے خوش قسمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یقینا ان کی فلم کی کامیابی میں ان کے شوہر کا ان کی زندگی میں آنا بھی ایک سبب ہے۔

اسی انٹرویو میں انہوں نے دوبارہ بالی وڈ میں کام کرنے پر بھی بات کی اور کہا کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ ضرور وہاں دوبارہ قسمت آزمائیں گی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ کس منصوبے میں کس نے اور کیا کام کرنا ہے، یہ قسمت اور نصیب ہی طے کرتا ہے، اس لیے اگر ان کے نصیب میں ہوگا تو وہ ضرور بالی وڈ میں دوبارہ بھی کام کریں گی۔

اداکارہ نے دلیل دی کہ جیسے ان کی فلم ’صنم تیری قسم‘ 9 سال قبل ریلیز ہوئی تھی لیکن اب وہ 9 سال گزرنے کے بعد فلم سے متعلق انٹرویو دے رہی ہیں، اس لیے کچھ بھی ممکن ہے۔

Pakistani Actress

lifestyle

Mawra Hussain