Aaj News

بدھ, اپريل 09, 2025  
11 Shawwal 1446  

انفلوئنزا وائرس کا بڑھتا پھیلاؤ: سندھ حکومت کی شہریوں کو فاصلہ اپنانے اور ماسک کے استعمال کی ہدایت

محکمہ صحت سندھ نے ایچ ون این ون وائرس سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی
شائع 15 فروری 2025 02:47pm

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ انفلوئنزا کی بیماری پاکستان سمیت دنیا بھر میں پھیل رہی ہے، اس سے بچاؤ کے لیے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔

ہفتے کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ جس طرح کورونا وبا کے دوران سماجی فاصلہ رکھا جاتا تھا، اسی طرح اب بھی شہریوں کو ایک دوسرے سے مناسب فاصلہ رکھنا چاہیے اور ماسک پہننے کی عادت اپنانی چاہیے تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

دوسری جانب، محکمہ صحت سندھ نے ایچ ون این ون وائرس سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق، کراچی سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں سرویلنس بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ تمام اسپتالوں کو مشتبہ اور تصدیق شدہ کیسز کی صورت میں فوری اطلاع دینے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

محکمہ صحت کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں عملے کے لیے حفاظتی ساز و سامان (پی پی ایز) کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور تمام اسپتال ہفتہ وار رپورٹ جمع کرائیں تاکہ وبا کی صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔

Sharjeel Memon

Infuenza

H1N1 Virus