پاکستان کو پھر شکست، 3 ملکی سیریز کا تاج نیوزی لینڈ کے سر سج گیا
3 ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، کیوی ٹیم نے 243 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 46 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے تین ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل مقابلے میں پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان کو ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور فخر زمان صرف 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، دوسری وکٹ شکیل مسعود کی گری جو محض 8 رنز بناسکے۔
اسی طرح اسٹار بیٹر بابر اعظم آج بھی بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے اور 29 رنز بنا کر ہمت ہار گئے، تاہم انہوں نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا اور ون ڈے کرکٹ میں سب سے کم میچ میں 6 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا۔
گزشتہ میچ میں سنچریاں بنانے والے کپتان محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے آج بھی اچھی شراکت داری قائم کی اور پاکستان کے مجموعے کو 142 رنز تک پہنچایا تاہم وہ آج بڑا اسکور نہ بنا سکے پہلے رضوان 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد سلمان علی آغا بھی 45 رنز کے انفرادی اسکور پر بریس ویل کی گیند پر جیکب ڈفی کو کیچ دے بیٹھے۔
طیب طاہر نے بھی کچھ مزاحمت کی اور 33 گیندوں پر 38 رنز کر پویلین لوٹ گئے، اس کے علاوہ خوشدل شاہ 7، شاہین آفریدی ایک رنز بنا سکے۔
اس طرح پاکستان کی ٹیم پورے 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور محض 49.3 اوورز میں 242 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی اور کیویز کو جیت کے لیے 243 رنز کا ہدف دے دیا۔
کیویز کی جانب سے کپتان مچل سینٹنر، مائیکل بریس ویل اور ول اورورکے نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ جیکب ڈفی اور نیتھن اسمتھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کی اننگز
پاکستان کی جانب سے دیے گئے 243 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز بھی اچھا نہیں تھا، دوسرے ہی اوور میں فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے اوپنر وِل ینگ کو 5 رنز پر چلتا کر دیا۔
اس کے بعد ڈیوون کانوے اور کین ولیمسن نے دوسری وکٹ کے لیے 71 رنز کی شراکت قائم کرکے کیویز کا اسکور 76 رنز پہنچا دیا، تاہم اس موقع پر 34 رنز بنانے والے ولیمسن کو آغا سلمان نے پویلین بھیج دیا۔
ڈیوون کانوے بھی 48 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ ڈیرل مچل اور ٹام لیتھم نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعہ 195 رنز پر پہنچایا۔
کیوی کپتان ڈیرل مچل بھی 57 رنز پر ابرار احمد کا شکار بنے، انہوں نے اپنی ہی گیند پر شاندار کیچ تھام کر کیوی کپتان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔
ڈیرل مچل کے آؤٹ ہونے سے قبل ٹیم کی پوزیشن مستحکم ہو چکی تھی، اس موقع پر کیویز کے 195 رنز پر 4 بیٹرز آؤٹ ہوئے تھے، اور انہیں جیت کے لیے صرف 48 رنز کی ضرورت تھی اور اس کے 6 کھلائی باقی تھے۔
ٹام لیتھم نے بھی 64 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، گلین فلپس 20 اور مائیکل بریس ویل 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس طرح کیوی ٹیم نے 243 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 46 ویں اوور میں حاصل کیا اور 3 ملکی ون ڈے سیریز بھی جیت لی۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 2، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کا ٹاس
اس سے قبل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے تین ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل مقابلے میں پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ پچ مختلف لگ رہی کے، میچ جیتنے کی ہرممکن کوشش کریں گے، گزشتہ میچ میں بڑا ہدف حاصل کر کے اعتماد ملا، آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور محمد حسنین کی جگہ فہیم اشرف کو شامل کیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹیم مچل سینٹنر نے کہا کہ امید ہے ہائی اسکورنگ میچ ہوگا، آج پچ پر گھاس کم نظر آرہی ہے، وکٹ عمومی طور پر اچھی لگ رہی ہے، اچھی بولنگ کرانے کی کوشش کریں گے۔
کیوی ٹیم میں میٹ ہینری اور بین سیئرز کی جگہ جیکب ڈفی اور نیتھن اسمتھ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، محمد حسنین کی جگہ فہیم اشرف کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
آج کے میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں
پاکستان ٹیم میں محمد رضوان (کپتان)، بابر اعظم، فخر زمان، سعود شکیل، سلمان آغا، طیب طاہر، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، ابرار احمد شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں مچل سینٹنر (کپتان)، وِل ینگ، ڈیوون کانوے، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریس ویل، نیتھن اسمتھ، جیکب ڈفی، ول اورورکے شامل ہیں۔
Comments are closed on this story.