Aaj News

بدھ, اپريل 02, 2025  
03 Shawwal 1446  

امریکا کے جوابی محصولات کا اعلان جمعرات کو کیا جائے گا، صدر ٹرمپ

ٹرمپ کی اس تجارتی جنگ میں نئے محاذ کھل جانے کے واضح امکانات ہیں
شائع 13 فروری 2025 11:35pm

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ تجارتی شراکت داروں پر جوابی محصولات عائد کریں گے، جس سے ان کی تجارتی جنگ میں نئے محاذ کھل جائیں گے۔

ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ “ تین عظیم ہفتے، شاید اب تک کے سب سے اچھے، لیکن آج سب سے بڑا ہے، جوابی محصولات !! امریکا کو ایک بار پھرعظیم بنائیں !!

یہ اقدام درآمدات پر امریکا کے محصولات کی شرح کو اس سطح تک لے جائے گا جو دوسرے ممالک امریکی مصنوعات پر عائد کرتے ہیں۔

ٹرمپ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے امریکا کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں کو نشانہ بناتے ہوئے وسیع پیمانے پر محصولات کا اعلان کیا ہے ، یہ دلیل دیتے ہوئے کہ اس سے تجارت کو متوازن کرنے میں مدد ملے گی اور کچھ معاملات میں دھمکیوں کو پالیسی پر اثر انداز ہونے کے حربے کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

نومبر کے انتخابات میں امریکی صارفین کے لیے مہنگائی ایک اہم مسئلہ تھا جبکہ اس دوران ٹرمپ نے اقتدار حاصل کیا اور ریپبلکن نے قیمتوں میں تیزی سے کمی کا وعدہ کیا ہے۔

تاہم ماہرین اقتصادیات نے خبردار کیا ہے کہ امریکی درآمدات پر وسیع پیمانے پر محصولات سے افراط زر میں اضافہ ہوگا نہ کہ اس میں کمی آئے گی۔

تجزیہ کاروں نے یہ بھی متنبہ کیا ہے کہ جوابی محصولات بھارت اور تھائی لینڈ جیسی ابھرتی ہوئی مارکیٹوں کی معیشتوں کے لئے بڑے پیمانے پر ٹیرف میں اضافہ لاسکتے ہیں ، جہاں امریکی مصنوعات پر زیادہ موثر ٹیرف کی شرحیں ہوتی ہیں۔

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ جنوبی کوریا جیسے ممالک جن کے واشنگٹن کے ساتھ تجارتی معاہدے ہیں، انہیں اس اقدام سے کم خطرہ ہے۔

انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ نے وعدہ کیا تھا، آنکھ کے بدلے آنکھ ، ٹیرف کے بدلے ٹیرف، ہم پلہ رقم۔

مثال کے طور پراگر بھارت امریکی گاڑیوں پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرتا ہے تو واشنگٹن کے پاس بھارت سے گاڑیوں کی درآمد پر بھی 25 فیصد ٹیرف عائد ہوگا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کے ساتھ بات چیت کریں گے اور نئی دہلی نے ان کے دورے سے قبل کچھ فوری ٹیرف رعایتوں کی پیش کش کی ہے، جس میں مہنگی موٹر سائیکلیں بھی شامل ہیں۔

تجزیہ کاروں کا مزید کہنا ہے کہ ٹرمپ کا جوابی محصولات کے نفاذ کا مقصد امریکی برآمدات کے لیے منصفانہ سلوک کو یقینی بنانا ہے، جس سے بالواسطہ طور پر شراکت دار ممالک کے ساتھ امریکی تجارتی عدم توازن کو بھی دور کیا جا سکتا ہے۔

ایشیائی معیشتوں میں بھارت کا امریکی برآمدات پر 9.5 فیصد اوسط موثر ٹیرف ہے جبکہ امریکہ کے لیے بھارتی برآمدات پر ٹیرف کی شرح 3 فیصد ہے۔

تھائی لینڈ میں امریکی مصنوعات پر 6.2 فیصد اور چین میں 7.1 فیصد شرح ہے۔

کیٹو انسٹی ٹیوٹ کے جنرل اکنامکس کے نائب صدر اسکاٹ لنکیکوم نے اس سے قبل اے ایف پی کو بتایا تھا کہ زیادہ محصولات اکثر غریب ممالک کی جانب سے بھی عائد کیے جاتے ہیں، جو انہیں آمدنی اور تحفظ کے لیے ایک آلے کے طور پر استعمال کرتے ہیں کیونکہ ان کے پاس ریگولیٹری پروٹیکشنزم جیسی نان ٹیرف رکاوٹیں عائد کرنے کے لیے کم وسائل ہوتے ہیں۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا ٹرمپ جوابی محصولات کو 10 سے 20 فیصد کے درمیان یونیورسل ٹیرف کے متبادل کے طور پر دیکھتے ہیں، جو انہوں نے گزشتہ سال کے امریکی صدارتی انتخابات سے قبل شروع کیا تھا، یا ایک علیحدہ پالیسی کے طورپرکیا ہے۔

Amrica

President Donald Trump

reciprocal tariffs