پشاور میں غیر حاضر اساتذہ کی تنخواہوں میں کٹوتی، جعلی حاضری پر سکول ہیڈز کے تبادلے
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پشاور نے مختلف سرکاری سکولوں کے دورے پر ڈیوٹی سے غیر حاضر کئی اساتذہ اور عملے کے خلاف کارروائی کے احکلماات جاری کئے ہیں۔ غیر حاضر اساتذہ کی تنخواہوں میں کٹوتی جبکہ جعلی حاضری میں ملوث سکول ہیڈز کے تبادلے کر دیے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے مطابق گورنمنٹ پرائمری سکول جٹی پایاں کے دو اساتذہ فیزیکلی غیر حاضر تھے، تاہم ان کی حاضری رجسٹر میں درج کی گئی تھی۔ اس بے ضابطگی پر دونوں اساتذہ کی تنخواہوں میں کٹوتی کے احکامات جاری کر دیے گئے۔ اسی طرح گورنمنٹ پرائمری سکول شاہ عالم میں چوکیدار غیر حاضر پایا گیا، جس پر اس کی ایک دن کی تنخواہ کاٹنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید برآں، دو سرکاری سکولوں میں صفائی کی ناقص صورتحال اور ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر وہاں کے ہیڈ ٹیچرز کے تبادلے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
دورے کے دوران کئی سکولوں میں چوکیدار اور اساتذہ غیر حاضر پائے گئے جبکہ متعدد طلبہ کلاس رومز میں موجود ہونے کے بجائے سکول کے احاطے میں گھومتے نظر آئے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پشاور نے واضح کیا ہے کہ تعلیمی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس حوالے سے مزید اچانک دورے کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی استاد یا عملہ ڈیوٹی میں غفلت برتتے پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
Comments are closed on this story.