Aaj News

اتوار, اپريل 13, 2025  
14 Shawwal 1446  

دانت برش کرنے کے بعد کُلّی کرنی چاہئیے یا نہیں؟ وائرل ویڈیو میں حیران کن دعویٰ

ہنستا مسکراتا چہرہ ہماری شخصیت کی عکاسی کرتا ہے
شائع 13 فروری 2025 11:14am

ہم سب صبح اور رات دانت برش کرنے کے بعد کلی کرتے ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ عادت دانتوں کی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے؟

حالیہ وائرل ویڈیوز کے مطابق، برش کرنے کے فوراً بعد کلی کرنے سے ٹوتھ پیسٹ میں موجود فلورائیڈ کا اثر کم ہو جاتا ہے، جس سے دانت کمزور ہو سکتے ہیں۔ مگر کیا واقعی ایسا ہے؟ اس حوالے سے ماہر دندان کیا کہتے ہیں؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ برش کے بعد کلی کرنے سے فلورائیڈ ہٹ جاتا ہے، جو کہ دانتوں کو مضبوط بنانے اور کیویٹیز سے بچانے کے لیے ضروری ہے۔ فلورائیڈ دانتوں کے اینامل کو مضبوط کر کے انہیں بیکٹیریا کے نقصان دہ اثرات سے محفوظ رکھتا ہے۔ جب یہ دانتوں کی سطح پر رہتا ہے، تو وہ معدنیات کا ایک ایسا پرت بناتا ہے جو تیزابیت اور نقصان دہ بیکٹیریا کے خلاف مزاحمت کرتا ہے۔

جاپانیوں نے ٹوٹے دانت دوبارہ اُگانے کیلئے دوا تیار کرلی

ڈاکٹر راگھویندرا بی آر کے مطابق، ’برش کرنے کے بعد کلی نہ کریں تاکہ فلورائیڈ مؤثر طریقے سے کام کر سکے اور دانتوں کو مضبوط بنا سکے۔‘

ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ برش کرنے کے بعد صرف اضافی جھاگ کو تھوک دیں اور کم از کم 20 سے 30 منٹ تک پانی نہ پئیں۔ اگر آپ کو کلی کرنے کی ضرورت محسوس ہو تو فلورائیڈ والا ماؤتھ واش استعمال کریں تاکہ دانتوں کو مزید تحفظ ملے۔

فلورائیڈ دانتوں کے لیے فائدہ مند ہے، لیکن اسکا پیٹ میں چلے جانا نقصان دہ ہوسکتا ہے- ایسے چھوٹے بچے جو دانت صاف کرتے وقت ٹوتھ پیسٹ نگل سکتے ہیں، انہیں فلورائیڈ فری ٹوتھ پیسٹ دیا جانا چاہیے۔

ایک اہم بات جس پر توجہ بہت ضروری ہے کہ کچھ لوگ فلورائیڈ فری ٹوتھ پیسٹ کو زیادہ محفوظ سمجھتے ہیں، لیکن ماہرین کے مطابق یہ دانتوں کو اتنی مؤثر حفاظت فراہم نہیں کرتا جتنی کہ فلورائیڈ والا ٹوتھ پیسٹ۔ فلورائیڈ فری پیسٹ میں اکثر زائلیٹول (Xylitol) جیسے اجزاء ہوتے ہیں، جو اگرچہ دانتوں کے لیے اچھے ہیں، مگر فلورائیڈ جیسی مضبوط تحفظ فراہم نہیں کرتے۔

کیا آپ کو اکثر منہ کے چھالے ہوتے ہیں؟ ان کی وجہ اور انہیں روکنے کے آسان طریقے

اگر آپ دانتوں کی صحت کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو درج ذیل نکات پر عمل کریں،

دن میں دو بار برش کریں، نرم برسوں والے ٹوتھ برش کا استعمال کریں اور گولائی میں برش کریں تاکہ دانتوں کی سطح اچھی طرح صاف ہو۔

روایتی فلاس یا واٹر فلاس کا استعمال کریں تاکہ دانتوں کے درمیان پھنسے ذرات نکل سکیں۔

چینی اور تیزابی کھانوں سے پرہیز کریں، یہ دانتوں کی خرابی اور کیویٹیز کا باعث بن سکتے ہیں۔

اینٹی بیکٹیریل ماؤتھ واش استعمال کریں، یہ منہ کی بدبو دور کرنے اور بیکٹیریا کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

تمباکو نوشی سے پرہیز کریں، یہ دانتوں کی رنگت خراب کرنے کے ساتھ ساتھ مسوڑھوں اور مجموعی صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔

منہ کی بدبو سے نجات کے چند مفید طریقے

یاد رکھیں ہنستا مسکراتا چہرہ ہماری شخصیت کی عکاسی کرتا ہے اور صاف ستھرے دانت آپ کی شخصیت میں چار چاند لگا دیتے ہیں لہٰذا دانتوں کی حفاظت بہت اہم، بہت ضروری ہےلہٰذا ماہرین کی آراء کے مطابق دانتوں کی اچھی صحت کے لیے فلورائیڈ والے ٹوتھ پیسٹ کا استعمال کریں اور روزمرہ کی دیکھ بھال کے اصولوں پر عمل کریں۔

lifestyle

Health Care

Teeth Care

Brush Your Teeth Everyday Twice a Day