Aaj News

اتوار, مئ 04, 2025  
06 Dhul-Qadah 1446  

معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز؛ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 24 معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

ترک صدر کا فقیدالمثال استقبال، خصوصی نغمہ جاری، مسلح افواج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا
اپ ڈیٹ 13 فروری 2025 06:14pm
🔴𝗟𝗶𝘃𝗲: | MoU signed between Pakistan and Turkey - Aaj News

گزشتہ رات دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچنے والے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے ہیں، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم ہاؤس میں ترک صدر کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان 24 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔

اسلام آباد کی شاہراہ دستور ترک اور پاکستانی پرچموں سے سجی ہوئی ہے، جہاں ترک صدر کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں ترک صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جبکہ ترک اور پاکستانی مسلح افواج کے دستے نے سلامی دی۔

اس دوران ثقافتی طائفے پیش کئے گئے اور ڈھول کی تھاپ پر گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور چاروں صوبوں کا روایتی رقص پیش کیا گیا۔ ساتھ ہی دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔

ترک صدر نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیر دفاع خواجہ آصف سے مصافحہ کیا۔ وزیراعظم نے ترک صدر کا کابینہ کے اراکین سے تعارف کرایا۔

صدر رجب طیب اردوان وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں وہ ایک یادگاری پودا بھی لگایا۔

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 24 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

اسلام آباد: پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے 24 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ تقریب میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان موجود تھے۔

دونوں ممالک نے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اعلامیہ پر دستخط کیے۔ مفاہمتی یادداشتوں میں سماجی و ثقافتی بنیادوں پر ملٹری اور سول پرسنلز کے تبادلے، ایئرفورس الیکٹرانک وارفیئر، ملٹری ہیلتھ کے شعبے میں تربیت اور تعاون، ہائیڈروکاربنز کے شعبے میں تعاون کے معاہدے میں ترمیم، کان کنی، انرجی ٹرانزیشن، پانی کے شعبے، زرعی بیجوں، لیگل میٹرولوجی انفرااسٹرکچر، صنعتی پراپرٹی، صحت اور فارماسیوٹیکل سمیت دیگر شعبوں میں تعاون شامل ہے۔

اس کے علاوہ ایکسپورٹ کریڈٹ بینک ترکیہ اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک پاکستان کے درمیان معاہدہ، تجارتی سرٹیفکیٹ کے ماخذ کی تصدیق کی ڈیجیٹائزیشن، حلال ایکریڈیٹیشن اتھارٹی اور پاکستانی اتھارٹی کے درمیان مفاہمتی یادداشت، تعلقات عامہ، میڈیا اور کمیونیکیشنز کے شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک صدر کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کا دورہ پاکستان بہت مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جو صدیوں پر محیط ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ صدر طیب اردوان نے سیلاب کے دوران پاکستانی عوام کے دل جیتے اور مشکل وقت میں پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے سیلاب متاثرین کے لیے فراخدلی سے امداد فراہم کی، جسے پاکستانی عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

یہ معاہدے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، دفاع، توانائی، صحت، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دیں گے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید مضبوط ہوگا۔

پاکستان کبھی سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دے گا، وزیراعظم

ترک صدر کے استقبال کے لیے خصوصی نغمہ جاری

وزارت اطلاعات نے ترک صدر کے والہانہ استقبال کے لیے ایک خصوصی نغمہ جاری کر دیا ہے، جو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تعلقات اور بھائی چارے کی عکاسی کرتا ہے۔

نغمے میں دونوں ممالک کی ثقافت اور تاریخی رشتے کو خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا ہے۔ اس کی دھن اور بول نہایت دلکش اور جذباتی ہیں، جو سننے والوں میں ایک خاص جوش اور محبت کا احساس پیدا کرتے ہیں۔

یہ نغمہ ترکیہ اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

پاکستان

Recep Tayyip Erdogan