Aaj News

منگل, اپريل 01, 2025  
02 Shawwal 1446  

سپریم کورٹ کے سابق جج عظمت سعید شیخ لاہور میں انتقال کرگئے

سابق جج نواز شریف کو پانامہ کیس میں نا اہل کرنے والے بینچ کا بھی حصہ رہے
شائع 12 فروری 2025 11:43pm

سپریم کورٹ کے سابق جج عظمت سعید شیخ لاہور میں انتقال کرگئے، وہ گردوں اور جگر کے عارضے میں مبتلا تھے جبکہ جسٹس (ر) شیخ عظمت سعید نواز شریف کو پانامہ کیس میں نا اہل کرنےوالےبنچ کا بھی حصہ رہے۔

سپریم کورٹ کے سابق جج کے اہل خانہ کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید شیخ کچھ عرصے سے علیل اور اسپتال میں زیر علاج تھے، وہ گردوں اور جگر کے عارضے میں مبتلا تھے۔

جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید شیخ 2012 سے 2019 تک سپریم کورٹ کے جج رہے ہیں، اس سے قبل وہ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں۔

جسٹس (ر) شیخ عظمت سعید نواز شریف کو پانامہ کیس میں نا اہل کرنےوالے بینچ کا بھی حصہ رہے۔

سابق جج جسٹس (ر) عظمت سعید شیخ کے کیریئر پر ایک نظر

سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) عظمت سعید شیخ 28 اگست 1954 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے، انہوں نے پنجاب یونیورسٹی لا کالج سے قانون کی ڈگری لی اور 1978 میں راولپنڈی سے وکالت کا اغاز کیا۔

سابق جج 1981 کو لاہور ہائیکورٹ کے وکیل بنے، جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید شیخ 2004 کو لاہورہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج تعیینات ہوئے جبکہ ایک برس بعد لاہور ہائیکورٹ کے مستقل جج بن گئے۔

جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید شیخ 2011 سے 2012 تک چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعینات رہے، جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید شیخ یکم جون 2012 کو سپریم کورٹ کے مستقل جج مقرر ہوئے، 30 جولائی 2019 کو جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید شیخ سپریم کورٹ کے قائمقام چیف جسٹس بھی مقرر ہوئے۔

سپریم کورٹ کے سابق جج براڈ شیٹ سکینڈل انکوائری کے سربراہ بھی مقررہوئے، جسٹس عظمت سعید شیخ نے امریکا سمیت دیگر ممالک میں منی لانڈرنگ سے متعلق کانفرنسز میں شرکت کی۔

پریکٹس کے دوران جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید شیخ احتساب بیورو کےسپیشل پروسیکیوٹر اورنیب کے ڈپٹی پروسیکیوٹر بھی تعینات رہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا عظمت سعید شیخ کے انتقال پر اظہار تعزیت

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) عظمت سعید شیخ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ مرحوم عظمت سعید شیخ کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابرکا شریک ہوں۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و جمیل کی دعا کی۔

Supreme Court

Former Judge Azmat Saeed Sheikh

Azmat Saeed Sheikh