شیر افضل مروت کو پی ٹی آئی سے نکال دیا گیا، نوٹیفکیشن جاری
شیر افضل مروت کو پاکستان تحریکِ انصاف نے پارٹی سے نکال دیا، نوٹیفکیشن جاری۔ شیرافضل نے کہا پارٹی کے لوگوں نے مجھے بار بار بدنام کیا، روزانہ کی ٹرولنگ سے بیمار ہوگیا ہوں، ایکس پر لکھا بانی کان کے کچے ہیں، ہر ایک کی باتوں پریقین کرلیتے ہیں۔ ایک سازشی خاتون نے بھی سازش رچائی۔
رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو تحریک انصاف سے نکال دیا گیا، شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی ہدایات پر شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالا گیا، شیر افضل مروت کے شوکاز نوٹس کے جواب اور اقدامات کے جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا۔
نوٹیفکیشن ایڈیشنل سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی فردوس شمیم نقوی نے جاری کیا۔
اس سے قبل پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ جلد ہی شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، جس کے بعد ان سے بطور رکن قومی اسمبلی استعفیٰ بھی طلب کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کے صوابی جلسے میں کردار پر پارٹی رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی سے شکایت کی تھی، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
صوابی جلسے میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے
بیرسٹرگوہر کا ردعمل
شیرافضل مروت کوپارٹی سے نکالنے پرچیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرنے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے، کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا، شیرافضل مروت کونکالنے پرمجھے کوئی ہدایات نہیں آئی۔
خیال رہے کہ 8 فروری کو صوابی میں ہونے والے جلسے کے دوران شیر افضل مروت کو اسٹیج پر جگہ نہیں ملی تھی اور نہ ہی انہیں تقریر کا موقع دیا گیا تھا۔ جس پر انہوں نے اپنے بیان میں شکوہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ صوابی جلسے میں نہ بیٹھنے کے لیے مناسب جگہ ملی نہ ہی خطاب کا موقع ملا، اگر قیادت میرے آنے پر ناخوش تھی تو پہلے بتا دیتی۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ میں جلسے میں صرف بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے آیا تھا، میرے جلسے جلوس میں شرکت سے قیادت کو مسئلہ ہو تو بتا دیں۔
صوابی جلسے میں شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجہ میں لفظی گولہ باری بھی ہوئی تھی اور سلمان اکرم راجہ کی تقریر کے دوران شیر افضل مروت نے اسٹیج پر مخالف نعرے بھی لگوائے تھے۔
Comments are closed on this story.