Aaj News

اتوار, مارچ 16, 2025  
15 Ramadan 1446  

پاکستان جنوبی افریقا کو شکست دے کر 3 ملکی سیریز کے فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان نے جنوبی افریقا کا 353 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا
اپ ڈیٹ 13 فروری 2025 03:01pm

3 ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے 353 رنز کا ریکارڈ ہدف حاصل کرتے ہوئے جنوبی افریقا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں کوالیفائی کرلیا تاہم اب 14 فروری کو فائنل میں پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے سہہ فریقی ون ڈے کرکٹ سیریز کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو 353 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر ایک بار پھر ناکام ثابت ہوا تاہم مڈل آرڈر میں آنے والے بلے بازوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، قومی ٹیم نے محمد رضوان اور سلمان آغا کی شاندار سنچریوں اور 260 رنز کی شراکت کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں پورا کرلیا۔

پاکستان نے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کرلیا، اس سے قبل 2022 میں آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں 349 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔

پاکستان کی بیٹنگ

پاکستان کی جانب سے بابراعظم اور فخرزمان نے اچھا آغاز فراہم کیا لیکن پہلی وکٹ گرتے ہی دیگر 2 وکٹیں بھی جلد گرگئیں جس سے بظاہر ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ 14 فروری کو ہونے والے فائنل میں جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ مدمقابل ہوں گے۔

پاک جنوبی افریقا میچ میں گرما گرمی، کھلاڑی ایک دوسرے سے الجھ پڑے

بابراعظم آج پراعتماد دکھائی دیے لیکن وہ 19 گیندوں پر 23 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے، کامران غلام کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے سعود شکیل بھی 15 رنز ہی بناسکے جبکہ فخر زمان 28 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

بعد ازاں، کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سست روی سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تاہم ٹیم کو مستحکم پوزیشن میں لانے کے بعد دونوں نے باؤنڈریز مارنا شروع کیں۔

اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے پہلے اپنی نصف سینچریاں اور پھر سینچریاں بھی مکمل کیں جب کہ کپتان اور نائب کپتان نے پاکستان کے لیے چوتھی وکٹ کے لیے 260 رنز کی شراکت کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔

سلمان علی آغا نے ون ڈے کیریئر کی پہلی اور محمد رضوان نے چوتھی سینچری اسکور کی، سلمان علی آغا آخری لمحات میں 103 گیندوں پر 134 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 16 چوکے شامل تھے۔

کپتان محمد رضوان ناقابل شکست رہے، انہوں نے 128 گیندوں پر 122 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کوربن بوش نے ایک اور ویان ملڈر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ ملکی سیریز کا فائنل 14 جنوری کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

جنوبی افریقا کی بیٹنگ

اس سے قبل جنوبی افریقا کے کپتان ٹمبا باووما نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ویان ملڈر کے علاوہ تمام کھلاڑیوں نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا، کپتان ٹیمبا باووما 82 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، ٹونی ڈی زورزی نے 22 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ اپنے ڈیبیو میچ میں 150 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلنے والے میتھیو بریزکے نے آج بھی مایوس نہیں کیا اور وہ 83 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

ٹیم میں واپسی کرنے والے ہینرک کلاسن نے 56 گیندوں پر 87 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے جب کہ کائل ویرینے 44 اور کوربن بوش 15 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کوہرا کر سہ فریقی ون ڈے سیریز کے فائنل میں جگہ بنا لی

قومی ٹیم کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2، خوشدل شاہ اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل، پاکستانی ٹیم میں انجری کا شکار حارث رؤف کی جگہ محمد حسنین کو شامل کیا گیا جبکہ کامران غلام کی جگہ سعود شکیل کو موقع دیا گیا ہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں میں تبدیلیاں

جنوبی افریقا نے ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی ہیں، ٹونی ڈی زورزی، ہینرک کلاسن، کوربن بوش اور کیشو مہاراج پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔

کپتان محمد رضوان نے کہا کہ چیمپئن سے قبل ہمارے پاس اچھا موقع ہے، نئی کنڈیشن اور نیا دن ہے، اچھی کرکٹ کھیلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف جو سیریز جیتی تھی وہ ماضی ہوگیا ہے، اس میچ کو جیت کر ہم مومنٹم حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، جو ہم چیمپئنز ٹرافی میں لے کر جائیں گے۔

سہ فریقی کرکٹ سیریز؛ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے ہرادیا

جنوبی افریقہ کے کپتان نے کہا کہ چیمپئنزٹرافی سے پہلےکھیلنے کا موقع اچھا ہے، کلاسن کے آنے سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، اس وکٹ پر فاسٹ بالر آسانی سے وکٹ نہیں لے پائیں گے۔

پاکستان کا اسکواڈ

پاکستانی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان)، فخر زمان، بابراعظم، سلمان آغا، سعود شکیل، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد حسنین اور ابرار احمد شامل ہیں۔

جنوبی افریقا کا اسکواڈ

جنوبی افریقی ٹیم میں ٹیمبا باووما (کپتان)، ٹونی ڈی زورزی، میتھیو بریزکے، ہینرک کلاسن، کائل ویرینے، ویان مُلڈر، کوربن بوش، سینوران مُتھوسوامی، تبریز شمسی، کیشو مہاراج اور لونگی نگیڈی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں پہنچے گی، جو 14 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ نیوزی لینڈ پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔

پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 78 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، جنوبی افریقا کو بھی نیوزی لینڈ کے خلاف 6 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کل کا میچ سیریز میں بقا کے لیے اہم ہوگا، جس میں دونوں ٹیمیں فائنل تک رسائی کے لیے بھرپور کوشش کریں گی۔

odi series

tri series

odi cricket

pakistan vs south africa

Pakistan vs Newzealand vs South Africa