یرغمالی رہا نہیں کیے تو جنگ بندی معاہدہ ختم کردیا جائے گا، ٹرمپ کی حماس کو دھمکی، اردن اور مصر کو بھی خبردار کردیا
حماس کی جانب سے قیدیوں کی رہائی روکے جانے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ہفتے تک تمام یرغمالی رہا نہیں کیے گئے تو جنگ بندی معاہدہ ختم کردیا جائے گا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اردن اور مصر اگر فلسطینی پناہ گزینوں کو قبول نہیں کرتے تو ان ممالک کی امداد بند کردی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اردن پناہ گزینوں کو قبول کرنے پر رضامند ہوجائے گا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ غزہ کے باہر فلسطینیوں کے لیے چھ مقامات ہوں گے، اور منصوبے کے تحت انہیں غزہ واپس آنے کا حق حاصل نہیں ہوگا کیونکہ انہیں اس سے بہتر قیام گاہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی اگر واپس آنا چاہیں بھی تو انہیں کئی سال لگ جائیں گے کیونکہ اس وقت غزہ رہنے کے قابل نہیں ہے۔
ٹرمپ غزہ کو خرید کر ملکیت بنانے کے بیان پر قائم، ترکیہ اور حماس کی شدید مذمت
دوسری جانب، حماس نے اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کو مؤخر کردیا ہے۔ ترجمان حماس عبد اللطیف القانوع نے کہا ہے کہ اسرائیل نے گزشتہ ہفتوں کے دوران جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور امدادی سامان، ایندھن اور خیموں کی ترسیل میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ ہفتے قیدیوں کی حوالگی مؤخر ہونے کی مکمل ذمہ داری نیتن یاہو پر ہوگی۔
اسرائیلی وزیردفاع نے فوج کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ حماس کا عمل معاہدے کی خلاف ورزی ہے اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
Comments are closed on this story.