Aaj News

منگل, اپريل 01, 2025  
02 Shawwal 1446  

چیمپیئنز ٹرافی سے قبل روہت شرما فارم میں آگئے، پاکستان کیلئے خطرہ بن گئے

بھارتی کپتان نے 487 دن بعد سنچری جڑدی اور کرس گیل کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا
شائع 09 فروری 2025 10:45pm

بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بیٹر روہت شرما نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں شان دار سنچری بنا کر چمپیئنز ٹرافی سے قبل پاکستان سمیت دیگر ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی اور انہوں نے ویسٹ انڈیز کے سابق جارح مزاج بلے باز کرس گیل کا ریکارڈ بھی توڑ دیا تاہم پاکستان کے سابق کپتان بدستور اس فہرست میں پہلے نمبر موجود ہیں۔

بھارت اور انگلینڈ کی ٹیموں کے مابین 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ کٹک کے میدان میں کھیلا گیا جس میں بھارت نے انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 304 رنز بنائے، بھارتی ٹیم نے ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا جبکہ اننگز کی 33 گیندیں ابھی باقی تھیں۔

اس میچ کی خاص بات یہ تھی کہ آؤٹ آف فارم بھارتی کپتان روہت شرما نے انگلش بولرز کا بھرکس نکالتے ہوئے اپنے کیریئر کی 32 ویں سینچری اسکور کی، یہ ان کے ایک روزہ میچز کے کیریئر کی دوسری تیز ترین سینچری ، انہوں نے مجموعی طور پر 90 گیندوں پر 119 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 12 چوکے شامل ہیں۔

بھارت کی من مانی ، انگلینڈ کیخلاف جیت کیلئے آئی سی سی قانون توڑنے پر اتر آیا

روہت شرما بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ بین الاقوامی سینچریاں بنانے والے تیسرے بیٹر بن گئے، انہوں نے اب تک 49 سینچریاں بنا رکھی ہیں جبکہ ان سے آگے لیجنڈری بیٹر سچن ٹنڈولکر ہیں جنہوں نے 100 بین الاقوامی سینچریاں جبکہ ویرات کوہلی نے 81 بین الاقوامی سینچریاں بنا رکھی ہیں۔

بھارتی کپتان نے آج انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچز 487 دن بعد سینچری بنائی جبکہ مجموعی طور پر کسی بھی فارمیٹ میں ان کی یہ 338 دن بعد سینچری ہے، انہوں نے 2023 کے ورلڈ کپ میں 11 اکتوبر 2023 کو افغانستان کے خلاف آخری سینچری اسکور کی تھی۔

روہت شرما نے 2023 میں افغانستان کے خلاف اپنے کیریئر کی تیز ترین ون ڈے سنچری بنائی، انہوں نے دہلی میں 63 گیندوں میں اپنی سینچری مکمل کی تھی، آج انہوں نے کٹک میں انگلینڈ کے خلاف 76 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی، روہت کی تیسری تیز ترین سنچری بھی انگلینڈ کے خلاف ہے جب انہوں نے 2018 میں 82 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔

واضح رہے کہ اپنی خراب فارم کی وجہ سے روہت شرما کو بھارتی میڈیا اور شائقین کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا تھا اور شائقین انہیں ٹیم پر بوجھ قرار دے رہے تھے۔

روہت شرما نے ون ڈے میں گیل کا ریکارڈ توڑ دیا

دوسری جانب بھارتی بلے باز روہت شرما نے اس میچ میں ویسٹ انڈیز کے سابق جارح مزاج بلے باز کرس گیل کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

میچ کے آغاز سے قبل روہت شرما 331 چھکوں کے ساتھ کرس گیل کے برابر تھے اور انہیں اپنا ریکارڈ بہتر کرنے کے لیے صرف ایک چھکے کی ضرورت تھی جبکہ گیل نے 2019 میں کرکٹ سے کنارہ کشی سے قبل اپنے کیریئر میں یہ ریکارڈ بنایا تھا۔

روہت نے ابتدائی 6 اوورز کے کھیل میں 3 بلند وبالا چھکے لگائے اور اس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کے مشہور سابق بیٹر کرس گیل کا ایک روزہ کرکٹ میں 331 چھکے لگانے کا ریکارڈ توڑتے ہوئے انہیں پیچھے چھوڑ دیا۔

روہت شرما نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کرلیا

خیال رہے کہ اس منفرد فہرست میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مشہور آل راؤنڈر شاہد آفریدی بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، انہوں نے 398 ون ڈے میچوں میں 351 چھکے لگا کر ریکارڈ قائم کیا ہوا ہے۔

شاہد آفریدی نے مارچ 2015 میں آسٹریلیا کے خلاف اپنے ایک روزہ کیریئر کا آخری میچ کھیلا تھا تاہم 10 سال گزرنے کے باوجود ان کا ریکارڈ بدستور قائم ہے تاہم روہت شرما اس ریکارڈ کو اپنے نام کرسکتے ہیں جنہوں نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا عندیہ فی الحال نہیں دیا حالانکہ وہ ٹی20 کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں۔

ایک روزہ کرکٹ میں شاہد آفریدی کے بعد روہت شرما 338 چھکوں کے ساتھ دوسرے، کرس گیل 331، سری لنکا کے سنتھ جے سوریا 270، بھارت کے ایم ایس دھونی 229، انگلینڈ کے آئن مورگن 220، جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ولیئرز 204، نیوزی لینڈ کے برینڈن مک کولم 200، سچن ٹنڈولکر 195 اور بھارت کے ہی سارو گنگولی 190 چھکوں کے ساتھ بالترتیب سرفہرست 10 بیٹرز میں شامل ہیں۔

rohit sharma

odi series

india vs england

odi cricket