بحری مشق امن 2025: ہیلی کاپٹرز، اسنائپرز، اسپیشل فورسز نے صلاحیتیوں کے جوہر دکھائے
پاک بحریہ کے زیر اہتمام نویں کثیرالقومی بحری مشق امن 2025 میں پاک بحریہ نے انسداد دہشت گردی کی مشقوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ ہیلی کاپٹرز، اسنائپرز، اسپیشل فورسز نے صلاحیتیوں کے جوہر دکھائے۔ امن مشق میں 60 ممالک کے بحری جہاز اور مبصرین شریک ہوئے۔ پاک بحریہ کے جوانوں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کاعملی مظاہرہ کیا۔
کثیر القومی بحری مشق امن 2025 میں عملی مظاہرے کی تقریب ہوئی۔ تقریب کے دوران پاک بحریہ کے نڈر اور پرعزم جوانوں نے انسداد دہشت گردی کی مشقوں میں ااپنی صلاحیتیوں کا مظاہرہ کیا۔ پاک بحریہ کے جوانوں نے ہیلی کاپٹر سے رسیوں کے ذریعے ساحل پر اترنے اور دہشت گردوں کے ٹھکانے کے خلاف کارروائی کا مظاہرہ کیا۔
پاک بحریہ کے جوانوں نے سمندر میں دہشت گردوں کے خلاف حربی مہارت کے جوہر بھی دکھائے۔ پاک بحریہ کے جوانوں نے فری فالنگ کے جوہر بھی دکھائے۔ پاکستان کا جھنڈا لہراتے پیراشوٹر ساحل پر اترے۔
کراچی میں نویں امن مشق کے تیسرے روز امن ڈائیلاگ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اس وقت تجارتی ٹیرف دنیا کے لئے چیلنج ہے، دنیا کے معاشی نظام کا انحصار سمندر پر ہے ، بحر ہندعالمی تیل اور گیس کے 50 فیصد ذخائر رکھتا ہے، ایسے میں سمندری تجارت کو تحفظ فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
تقریب سے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ امن مشقیں مشرقی اور مغربی ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کررہی پے، امن ڈائیلاگ کا مقصد بلو اکانومی کو فروغ دینے کے لئے سمندر کو محفوظ بنانا ہے۔
سینیٹر مشاہد حسین نے کہا کہ محفوظ سمندر محفوظ تجارت کا ضامن ہے، امن ڈائیلاگ کے پہلے پینل ڈسکشن کے دوران مختلف ممالک نے میری ٹائم سیکورٹی کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کئے اور شرکا کے سوالات کے جوابات دیئے۔
اس موقع پر پاکستان نیوی آرمی رینجرز پولیس بینڈ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جبکہ سری لنکن میوزک بینڈ نے اپنا روایتی رقص بھی پیش کیا۔
تقریب میں نیول چیف وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ مشقوں میں شامل ممالک مندوبین اور بحریہ کے نمائندگان بھی موجود تھے شرکا نے تقریب میں پاکستان نیوی کی مہارت کو سراہا۔
امن مشق کل 11 فروری تک جاری رہیں گی۔ مشق میں امریکا، چین، بنگلہ دیش سمیت سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ملائیشیا، جاپان، سری لنکا، انڈونیشیا، ایران، عمان کے بحری جنگی جہاز بھی شریک ہیں۔
مشقوں کا مقصد عالمی و علاقائی سلامتی، بحری افواج کے درمیان تعاون میں اضافہ اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہے۔
Comments are closed on this story.