Aaj News

پیر, مارچ 24, 2025  
24 Ramadan 1446  

کیا حارث رؤف سہہ ملکی سیریز کا دوسرا میچ کھیلیں گے یا نہیں؟ اہم خبر آگئی

نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں فاسٹ بولر کو انجری کا شکار ہوکر میدان سے باہر جانا پڑا تھا
شائع 09 فروری 2025 05:24pm

سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں انجری کا شکار ہونے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے میچ میں آرام دیے جانے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں حارث رؤف انجری کا شکار ہوکر میدان سے باہر جانا پڑا تھا، انہیں بالنگ کے دوران سینے اور پیٹ کے پٹھوں کی بائیں جانب سے شدید درد ہورہا تھا۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر کو ابتدائی طبی امداد فراہم کردی گئی ہے تاہم ان کے پاکستان ٹیم کی بیٹنگ کے دوران بھی وہ میدان پر واپس نہیں آئے اور انہیں آرام دیا گیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سیریز کے پہلے میچ کے دوران بولنگ کرتے ہوئے پسلیوں کے درد کے باعث گراؤنڈ سے باہر جانے والے فاسٹ بولر حارث رؤف پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں تاہم ٹیم مینجمنٹ جنوبی افریقا کے خلاف حارث رؤف کو کھلا کر رسک نہیں لینا چاہتی۔

سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں ہی حارث رؤف اور رچن ریویندرا زخمی

ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں حارث رؤف کو آرام دیے جانے کا امکان ہے تاہم حارث رؤف سے متعلق حتمی فیصلہ ایم آر آئی کی رپورٹس کی روشنی میں کیا جائے گا۔

ادھر قومی کرکٹ ٹیم کےکپتان محمد رضوان نے فاسٹ بولر حارث رؤف کی انجری کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈاکٹروں کے مطابق حارث رؤف کی انجری پریشانی کا باعث نہیں ہے، ہمیں فیلڈنگ میں تھوڑی بہتری کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم آج لاہور سے کراچی روانہ ہوگی، پاکستان کرکٹ ٹیم کل ٹریننگ سیشن نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں کرے گی جہاں جنوبی افریقا سے ان کا مقابلہ 12 فروری کو شیڈول ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے شکست دی تھی۔

lahore

Haris Rauf

tri series

Pakistan vs New Zealand