موسمیاتی تبدیلی موجودہ دور کا ایک بڑاچیلنج ہے، یوسف رضا گیلانی
لاہور میں منعقدہ ایشیاء اورجنوب مشرقی ایشیاء کے پارلیمانی وفود کی دو روزہ کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی موجودہ دور کا ایک بڑاچیلنج ہے،اہم مسائل پر تبادلہ خیال کرنا پائیدار اور جامع مستقبل کیلئے ضروری ہے، قانون سازی کے ذریعے افراد کو بااختیار اور معاشرے کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیاری صحت اور تعلیم تک رسائی خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے، جنوب مشرقی ایشیاء کو غربت اور عدم مساوات جیسے مسائل درپیش ہیں ، پارلیمان صرف قانون ساز ادارے نہیں بلکہ تبدیلی کے انجن ہیں ، چیلنجز پر قابو پانے کیلئے سرحدوں سے بالاتر علاقائی تعاون اور مشترکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کر نا ہو گا۔
پنجاب اسمبلی میں منعقد ہونے والےدو روزہ سی پی اے کانفرنس چارٹر آف لاہور کی منظوری پر ختم ہوگئی ۔ چارٹر آف لاہورپیش کرتے ہوئے اسپیکرملک احمد خان نےکہا کہ موسمیاتی تبدیلی سماجی و اقتصادی ،عدم مساوات ، جدید پالیسی سازی، پارلیمانی سفارت کاری،علاقائی تعاون ،مقامی حکمرانی کےڈھانچہ کوبا اختیاربنانے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ غلط معلومات ، نفرت انگیز تقاریر، ڈیجیٹل بدعنوانی کا بدتدریج خاتمہ مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے، ماحولیاتی تحفظ کے لیےموثر قانون سازی کی ضرورت ہے، چارٹر میں دئیے گئے اصولوں کو قانون سازی کےذریعےعمل درآمد کروایا جائے گا۔
کانفرنس کےپہلےسیشن میں پنجاب کی سینئروزیر مریم اورنگزیب ، مئیرکراچی مرتضیٰ وہاب اورسابق وفاقی وزیرخرم دستگیرنےتقاریر کرتےہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے تحفظ کےلیےہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے.
مقررین نے کہا کہ پنجاب میں کسانوں کوسبسڈی دی جا رہی ہے جبکہ سولر جیسے ماحول دوست منصوبے شروع کئے گئے ہیں، بلدیاتی نظام پاکستان کے آئین میں بالکل واضح ہے کراچی شہر نے اپنا ریونیو گذشتہ سالوں کی نسبت تین گنا بڑھا لیا ہے۔
تقریب کے اختتام پر غیر ملکی مندوبین نے کامیاب سی پی اے کے انعقاد پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ دولت مشترکہ ممالک کے مسائل کو حل کرنے کےلئے مشترکہ کاوشیں جاری رہیں گی۔
Comments are closed on this story.