Aaj News

ہفتہ, اپريل 12, 2025  
14 Shawwal 1446  

پی ٹی آئی کے بغیر سیاسی استحکام نہیں آسکتا، مولا بخش چانڈیو

تحریک انصاف کو سیاستدانوں سے بات کرنا ہوگی، آج ٹی وی کے پروگرام
اپ ڈیٹ 08 فروری 2025 10:06pm

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر قانون سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ملک میں پی ٹی آئی کے بغیر سیاسی استحکام نہیں آسکتا، اس میں کوئی شک نہیں کہ پی ٹی آئی عوامی حوالے سے ایک قوت ہے لیکن وہ اس قوت پر ڈٹے رہیں اور سیاسی بات چیت نہ کریں اور بات چیت کے لئے شرائط رکھیں، یہ اچھی بات نہیں ہے۔

آج ٹی وی کے پروگرام ’روبرو‘ کے میزبان شوکت پراچہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ بات چیت کا قائل رہا ہوں، علی امین گنڈا پور ابھی دھمکی دے رہے ہیں بات کرنے کے لئے، پہلے یہ بات نہ کرنے کے لئے دھمکیاں دیتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مفاہمت، بات چیت کرنے اور سیاسی سفر کو آگے لے جانے کا یہ راستہ مذاکرات ہیں، نظام کو مستحکم کرنے کا بھی یہ راستہ ہے، پاکستان کے لوگوں کو مسائل اور بحرانوں سے جان چھڑانے کا ایک ہی راستہ ہے، تاکہ سیاسی استکام آسکے۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں سیاسی بات چیت ہو، دشمن ملکوں میں بھی بات چیت ہوتی ہے، ہم تو ایک ہی ملک کے سیاسی کارکن ہیں، ہم کیوں نہیں بات کرسکتے؟ عمران خان سیاسی فیصلے نہیں کرتے ہیں، قائدین گالیاں نہیں دیتے، انہیں بات چیت کی طرف آنا ہوگا، پی ٹی آئی کو سیاستدانوں سے بات کرنا ہوگی۔

تجزیہ کار نصراللہ ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایسے مذاکرات چاہتی ہے جس میں ریلیف پہلے سے طے شدہ ہو، مذاکرات میں شرائط نہیں ہوتیں، یہ نہیں ہوتا کہ آپ یہ کہیں کہ کمیشن نہ بنا تو ہم مذاکرات نہیں کریں گے، بات چیت میں کہیں آپ اسپیس دیتے ہیں اور کہیں پر اسپیس لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سارے حربے استعمال کرچکی ہے، سارے کارڈ کھیل چکی ہے، پی ٹی آئی نے اپنی احتجاج کی اسپیس خود ختم کی ہے، پی ٹی آئی ماضی کے احتجاج کو لے کر چل رہی ہے، جب ان پر چھتری ہوا کرتی تھی، پی ٹی آئی کو سیاسی احتجاج کی روز بدلنا ہوگی، انہیں ثابت کرنا ہوگا کہ وہ پر امن احتجاج کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کو حکومت پر تشدد بناتی ہے، عوام کو مینڈیٹ چرایا جاتا ہے، ہم نے ٹرمپ کا کبھی نام نہیں لیا، یہ حکومتی پروپیگینڈا ہے، امریکا کے صرف اپنے مفادات ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے سر سے چھتری ہٹا دی، دوسری جماعتوں پر چھتری قائم ہے، ہم اداروں کے خلاف کھڑے نہیں ہونا چاہتے ہیں، ہم حکومت سے یا جیلوں سے ڈرنے والے نہیں، ملک میں پیکا ایکٹ کے نام پر اظہار رائے پر پابندی ہے۔

آج ٹی وی پشاور کی بیورو چیف فرزانہ علی نے کہا ہے کہ صوابی جلسے میں بڑی تعداد پنجاب سے آنے والے لوگوں کی تھی، خواتین کی بڑی تعداد میں شامل تھیں، پی ٹی آئی کا جلسہ دیرسے شروع ہوا، پنڈال بھرا ہوا تھا، لوگوں کی بڑی تعداد جلسے میں شریک تھی، بہت اچھا پاور شو تھا۔

AAJ NEWS

PPP

Aaj News program

TV Show

pti leaders

aaj Tv