Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
26 Ramadan 1446  

آج کا یوم سیاہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، علی امین گنڈاپور

حکومت جوڈیشل کمیشن بنانے سے خوفزدہ ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
شائع 08 فروری 2025 01:00pm

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی کال پر آج یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنے مینڈیٹ پر ڈالے گئے تاریخی ڈاکے کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پورے ملک میں پی ٹی آئی کارکنان کے ساتھ عوام بھی احتجاج میں شریک ہیں، اور آج کا یوم سیاہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ 17 نشستیں جیتنے والی پارٹی کو اقتدار دے کر ”اردلی حکومت“ ملک پر مسلط کر دی گئی۔

صوابی میں تحریک انصاف آج پاور شو کرے گی، جہانگیرہ روڈ کے مقام پر پنڈال سج گیا

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ دنیا بھر اور ملکی تاریخ کے سب سے دھاندلی زدہ انتخابات کو فری اینڈ فئیر قرار دیا گیا، جبکہ فارم 47 کی بنیاد پر بنی نااہل حکومت نے پاکستان کے ہر ادارے کو تباہ کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 26 نومبر اور 9 مئی کے واقعات میں ملوث حکومت جوڈیشل کمیشن بنانے سے خوفزدہ ہے، کیونکہ جوڈیشل کمیشن کے قیام سے تمام حقیقت سامنے آ جائے گی اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے گا۔

پیسے کم ہوں تو بھی کارکن جلسے میں پہنچیں، داوڑ کنڈی

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی داوڑ کنڈی نے کہا ہے کہ صوابی جلسے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور بڑے جلوس جلسے میں شریک ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ رکاوٹوں کے باوجود کارکنان پنجاب سے صوابی پہنچیں گے، جبکہ سندھ اور بلوچستان سے بھی قافلے جلسے میں شرکت کریں گے۔

داوڑ کنڈی نے مزید کہا کہ جنید اکبر نے نظریاتی کارکنوں کو جلسے میں آنے کی ہدایت کی ہے اور کارکنوں کو چاہیے کہ پیسے کم ہوں تب بھی وہ جلسے میں پہنچیں۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج تک ہمیں مخصوص نشستیں نہیں دی گئیں اور ان نشستوں کو روکنے کے لیے 26ویں آئینی ترمیم لائی گئی۔

31 مقدمات کی تفتیشی ٹیموں کی اڈیالہ جیل آمد، بشریٰ بی بی کا جوابات دینے سے انکار

سب پاکستانیوں کو اپنی خاطر اور ملک کی خاطر باہر نکلنا ہوگا، اسد قیصر

دوسری جانب تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد قیصر نے کہا کہ آج 8 فروری ہے، وہ دن جب عوامی مینڈیٹ کو چوری کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن عوام کو اپنی رائے دہی کے حق سے محروم کر دیا گیا، جو کہ آئین کی خلاف ورزی ہے۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ عوام کے ووٹ کی بدترین توہین کی گئی اور انہیں بھرپور احتجاج ریکارڈ کرانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب پاکستانیوں کو اپنی خاطر اور ملک کی خاطر باہر نکلنا ہوگا، ورنہ سمجھا جائے گا کہ ملک سے جمہوریت ختم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو عزم کرنا ہوگا کہ ہمیں جمہوری پاکستان، قائداعظم کا پاکستان چاہیے۔

cm kpk

Ali Amin Gandapur