کہیں آپ پپیتا غلط تو نہیں کھا رہے، اسے بیجوں کے ساتھ کھانا چاہیے یا بنا بیج کے؟
پپیتا قدرت کا عطا کردہ نہایت غذائیت بخش اور صحت افزا پھل ہے جو اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامنز، اور اہم انزائمز سے بھرپور ہوتا ہے۔ لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آیا پپیتا بیجوں کے ساتھ کھایا جانا چاہیے یا نہیں؟
بہت سے لوگ پپیتے کے بیجوں کو ضائع کر دیتے ہیں، جبکہ کچھ لوگ سوشل میڈیا پر موجود مختلف دعووں کے مطابق انہیں بھی کھانے کی ترغیب دیتے ہیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ غذائی ماہرین اس بارے میں کیا کہتے ہیں اور پپیتا کھانے کا صحیح طریقہ کیا ہے۔
مشہور غذائی ماہر جینل پٹیل کے مطابق، پپیتا صحت کے لیے نہایت مفید ہے کیونکہ اس میں وٹامن C، A اور فولیٹ موجود ہوتے ہیں، جو نہ صرف قوتِ مدافعت کو بڑھاتے ہیں بلکہ ہاضمے کو بھی بہتر بناتے ہیں۔ پپیتے کے یہ فوائد اسے ایک مکمل صحت بخش پھل بناتے ہیں۔
ہاضمے میں بہتری – پپیتے میں موجود پاپین نامی انزائم پروٹین کو ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
قوت مدافعت میں اضافہ – وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس جسم کو بیماریوں سے بچانے میں مدد دیتے ہیں۔
جلد کی بہتری – پپیتے کے اجزاء جلد کو نکھارتے ہیں اور بڑھتی عمر کے اثرات کو کم کرتے ہیں۔
آنکھوں کی صحت – اس میں موجود بیٹا کیروٹین آنکھوں کی روشنی کو بہتر بناتا ہے۔
دل کی صحت – اس میں موجود فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس دل کو صحت مند رکھتے ہیں۔
پپیتے کے بیج، فائدہ مند یا مضر؟
اکثر لوگ پپیتے کے بیجوں کو غیر ضروری سمجھ کر پھینک دیتے ہیں، لیکن ماہرین کے مطابق یہ بیج بھی صحت کے لیے فائدہ مند ہو سکتے ہیں۔
بیجوں کے ممکنہ فوائد
جگر کی صفائی
پپیتے کے بیج جگر کی صفائی میں مددگار سمجھے جاتے ہیں، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو فیٹی لیور کا شکار ہیں۔
اینٹی بیکٹیریل خصوصیات
یہ بیج بعض نقصان دہ بیکٹیریا کے خلاف مزاحمت رکھتے ہیں۔
نظامِ ہاضمہ کی بہتری
پپیتے کے بیج پیٹ میں موجود بعض زہریلے کیڑوں کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
اینٹی انفلیمیشن اثرات
یہ جسم میں سوزش کم کرنے میں مددگار ہو سکتے ہیں۔
لیکن، احتیاط ضروری ہے!
اگرچہ پپیتے کے بیجوں میں کچھ غذائی فوائد موجود ہیں، لیکن زیادہ مقدار میں نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
حمل کے دوران نقصان دہ، ماہرین کے مطابق حاملہ خواتین کو پپیتے کے بیجوں سے پرہیز کرنا چاہیے کیونکہ یہ بچہ دانی کے سنکچن (contractions) کو بڑھا سکتے ہیں۔
پپیتے کے بیجوں میں پاپین اور بعض دیگر مرکبات موجود ہوتے ہیں جو زیادہ مقدار میں کھانے پر نظامِ ہاضمہ پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔
اگر آپ بیجوں کے فوائد حاصل کرنا چاہتے ہیں تو انہیں محدود مقدار میں استعمال کریں۔
بیجوں کو براہِ راست کھانے کے بجائے انہیں دھو کر خشک کریں اور باریک پیس کر سلاد، اسموتھی یا دیگر کھانوں میں شامل کریں۔
اگر آپ کو معدے کی کوئی تکلیف ہو یا آپ حاملہ ہوں، تو بیجوں کا استعمال ہرگز نہ کریں۔ صحت کے معاملے میں اپنے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کریں کیونکہ فیملی ڈاکٹر کے پاس آپکی ہیلتھ ہسٹری ہوتی ہے لہذا ترجیح یہی ہے کہ ڈاکٹر سے صحت کے معاملے میں مشورہ ضرور کریں۔
پپیتے کے بیج اپنے اندر کچھ غذائی فوائد رکھتے ہیں، لیکن انہیں اعتدال کے ساتھ کھانا ضروری ہے۔ اگر آپ کسی بھی قسم کی صحت کی پیچیدگیوں کا شکار ہیں تو بہتر ہوگا کہ آپ پپیتے کو صرف اس کے گودے کے ساتھ ہی کھائیں اور اگر آپ مکمل طور پر محفوظ اور صحت مند طریقہ اپنانا چاہتے ہیں، تو پپیتے کو بغیر بیج کھانا سب سے بہتر انتخاب ہے۔
Comments are closed on this story.