گاڑیاں دھوکر پانی ضائع کرنے والے گھروں اور پیٹرول پمپس پر جرمانے کا حکم
لاہور ہائیکورٹ نے گاڑیاں دھو کر پانی ضائع کرنے والے گھروں اور پیٹرول پمپس کو جرمانے کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس شاہد کریم نے میچز نے دوران ٹریفک مناسب ٹریفک پلان نہ ہونے پر سی ٹی او لاہور کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ کے تدراک کے حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران مختلف محکموں نے جسٹس شاہد کریم کے روبرو اپنی رپورٹس پیش کیں۔
ممبر جوڈیشل کمیشن حنا حفیظ نے بتایا کہ پانی کو محفوظ کرنے کے حوالے سے چیف سیکرٹری سے میٹنگز ہوئی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ واٹر اتھارٹی بنانے کی تجویز دی تھی اس کا کیا بنا؟ پانی کا مسئلہ صرف لاہور نہیں بلکہ پورے پنجاب کا ہے، اچھی بات ہے کہ حکومت نے پورے پنجاب کو فوکس کیا ہوا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کا دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بند کرنے کا حکم
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کہ گھروں میں گاڑیاں دھونا بند ہو جائے تو آدھا پانی بچایا جاسکتا ہے، جو گھروں میں گاڑیاں دھوئے اسے 10 ہزار جرمانہ کریں اور جس پیٹرول پمپ پر واٹر ری سائیکل پلانٹ نہ ہو اسے سیل کریں اور دوبارہ خلاف ورزی پر ایک لاکھ جرمانہ کریں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ آج کل کے دور میں ہزار دو ہزار کیا کہتا ہے، جرمانے بڑھائیں سب سیدھے ہو جائیں گے۔
دوران سماعت عدالت نے لاہور میں کرکٹ میچز کے دوران ٹریفک انتظامات پر تشویش کا اظہار کیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ 3 ماہ پہلے سے پتہ تھا کہ یہاں چیمپئنز ٹرافی ہونا ہے مگر یہاں دفتروں سے کوئی نہیں نکلتا، ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے، آئندہ سماعت پر سی ٹی او لاہور ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر واٹر میٹر کے حوالے بھی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کارروائی 10 فروری تک ملتوی کردی۔
Comments are closed on this story.