Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
25 Ramadan 1446  

کوہاٹ امن جرگے میں بنکرز مسماری، اسلحہ حوالگی پر عملدرآمد کیلئے فریقین میں مشاورت

ضلع کرم میں امن و امان کی صورت حال سے متعلق کمشنر کوہاٹ کی زیر نگرانی امن جرگہ اختتام پذیر
شائع 06 فروری 2025 07:18pm

ضلع کرم میں امن و امان کی صورت حال سے متعلق کوہاٹ میں ہونے والے امن جرگے میں امن معاہدے پر عملدرآمد کے لیے فریقین میں مشاورت ہوئی جبکہ کرم شاہراہ کھولنے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

ضلع کرم میں امن معاہدے پر عمل درآمد کرنے اور دیرپا امن کے لیے کمشنر کوہاٹ معتصم باللہ کی زیر نگرانی ہونے والا امن جرگہ اختتام پذیر ہوگیا، جرگے میں پائیدار اور دیرپا امن و امان کے حوالے سے بات چیت میں پیشرفت ہوئی۔

جرگہ ذرائع کے مطابق امن معاہدے پر عمل درآمد کرنے اور دیرپا امن کے لیے دونوں فریقین میں مشاورت ہوئی۔

جرگہ ممبر سید رضا حسین نے بتایا کہ جرگے میں بنکرز مسماری اور اسلحے کی حوالگی کے بارے میں بھی مشاورت ہوئی، کرم شاہراہ کھولنے کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی۔

کرم امن جرگہ: دونوں فریقین مین شاہراہ کھولنے، بنکرز مسماری اور اسلحہ جمع کرنے پر متفق

اسسٹنٹ کمشنر افراسیاب زبیر ہندل کا کہنا ہے کہ اپر اور لوئر کرم میں بنکرز کی مسماری جاری ہے، اب تک قبائل کے 38 بنکر مسمار کیے گئے ہیں۔

اس سے قبل جرگہ ممبران کا کہنا تھا کہ کوہاٹ امن معاہدے پر عمل درآمد اور مستقبل بنیادوں پر قیام امن کے لیے آج اہم نشست ہو رہی ہے، قوی امکان ہے آج کوئی ختمی لائحہ عمل تیار ہو۔

واضح رہے کہ 21 نومبر 2024 کو لوئر کرم کے علاقے میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 8 خواتین اور 5 بچوں سمیت تقریبا 41 افراد شہید ہوئے تھے۔

اس واقعے کے بعد دونوں فریقین کے درمیان فائرنگ کا یہ سلسلہ جاری رہا جب کہ صوبائی دارالحکومت پشاور سے کرم ایجنسی کو ملانے والی ہائی وے کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا۔

بعد ازاں، یکم جنوری 2025 کو خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں کرم کی صورتحال پر 3 ہفتے سے جاری گرینڈ جرگہ ختم ہوگیا جب کہ فریقین نے معاہدے پر دستخط کردیے تھے۔

تاہم، خیبر پختونخوا کے ضلع کرم ایجنسی کے علاقے لوئر کرم میں پولیس، ایف سی پر حملے اور گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود، ایف سی اور پولیس کے 2 اہلکار اور 3 راہ گیر زخمی ہوگئے تھے۔

علاوہ ازیں، 16 جنوری کو بگن میں امدادی سامان پاراچنار لے جانے والے گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کردی گئی، جس کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید اور 4 دیگر زخمی ہو گئے، ہنگو کے اسسٹنٹ کمشنر سعید منان نے ٹل سے پاراچنار امدادی سامان لے جانے والی 35 گاڑیوں پر مشتمل قافلے پر حملے کی تصدیق کی۔

امن جرگہ: سوشل میڈیا پر شر انگیز تقاریر پوسٹ کرنے والوں کیخلاف سخت ترین سزا کی تجویز

کرم کے معاملے پر گرینڈ جرگے میں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کردیے

آخرکار، خیبرپختونخوا حکومت نے کرم میں شرپسند عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا، مشیر اطلاعات کی جانب سے کہا گیا کہ متاثرہ علاقوں میں موجود چند شرپسندوں کے خلاف کارروائی ناگزیر ہو چکی ہے، خیبر پختونخوا حکومت گزشتہ 3 مہینوں سے کرم میں امن بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے، امن معاہدے پر قانون اور پشتون روایات کے مطابق عملدرآمد کرایا جائے گا۔

KOHAT

Grand Jirga

district kurram

jirgah

Kurram Situation

Kurram Peace Agreement