190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کو سزا سنانے والے جج ناصر جاوید رانا کا تبادلہ
190 ملین پاؤنڈ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کو سزا سنانے والے احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا کا تبادلہ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ سنانے والے احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کا تبادلہ کردیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی ہدایت پر رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ناصر جاوید رانا کا احتساب عدالت سے تبادلہ کرتے ہوئے انہیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ تعینات کردیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اعظم خان اس سے قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ تعینات تھے۔
جسٹس اعظم خان کے اسلام آباد ہائیکورٹ کا جج تعینات ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کا عہدہ خالی تھا اور ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کو عارضی طور پر قائم مقام سیشن جج تعینات کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ 17 جنوری کو احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید نے تین بار مؤخر کیے جانے کے بعد 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ سنایا تھا۔
عدالت نے عمران خان کو کرپٹ پریکٹسز اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر 14 سال اور بشریٰ بی بی کو ان کا ساتھ دینے کے جرم میں 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
اس کے علاوہ عدالت نے عمران خان پر 10 لاکھ اور بشریٰ بی بی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
Comments are closed on this story.