وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے بیان پر پی ٹی آئی نے اپنا ردعمل جاری کردیا
وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شریفوں کا شر کیسے نسلوں کو منتقل ہوتا ہے، رفیق تارڑ مرحوم کا گھرانہ اس کی بہترین مثال ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے بیان پر اپنا ردعمل جاری کر دیا۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ شریفوں کا شر کیسے نسلوں کو منتقل ہوتا ہے، رفیق تارڑ مرحوم کا گھرانہ اس کی بہترین مثال ہے، جاتی امرا کے یہ لٹیرے لوگوں کے ضمیر ہی نہیں خریدتے بلکہ ان میں اخلاقی انحطاط کے بیج بھی بوتے، اچھائی اور برائی میں تمیز مٹاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شریفوں نے ضمیر فروشی کے جس دھندے پر دادا کو لگایا تو پوتا بھی اسی قماش کی حرکتوں کو نوکری کی بقا کا وسیلہ بنائے ہوئے ہے، رفیق تارڑ مرحوم کے سپوت میں شرم ہوتی تو القادر کو جھوٹے پراپیگنڈہ کا وسیلہ بنانے سے پہلے شریفوں سے دادا کی بریف کیسز کی کہانی سن لیتا، جب جب یہ بدبخت اقتدار پر بٹھائے گئے ہیں، ملک اور عوام کو افلاس، غربت اور بھوک نے گھیرا ہے۔
پی ٹی آئی سیکرٹری اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ کسانوں سے لے کر محنت کشوں اور مزدوروں تک کے معاشی قتلِ عام کو رواج دے کر قومی خزانے کو شیرِ مادر کی طرح لوٹا گیا، وزارتِ عظمیٰ پر بیٹھے مجرم اور اس کے بچوں کو 24 ارب کے ڈاکے کا حساب دینا ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ القادر کرپشن کا نہیں، انصاف کی نیلامی کا مقدمہ ہے، بہت سے دیگر مقدموں کی طرح اس کا دھبہ ہمارا نظامِ عدل زیادہ دیر تک اپنی پیشانی پر گوارا نہیں کر پائے گا، درباریوں کی صدا گیری کا لحاظ رکھے بغیر عدلیہ کو انصاف کے چہرے پر پھینکی گئی سیاہی مٹانا ہوگی، مقتدرہ کی چھتری تلے حرام مینڈیٹ کی بنیاد پر حکومت میں بیٹھنے کے باوجود نااہل اور نکمّے چوروں کا ہر دن پاکستان کیلئے مزید خطرناک اور تباہ کن ثابت ہو رہا ہے۔
Comments are closed on this story.