Aaj News

منگل, مئ 06, 2025  
08 Dhul-Qadah 1446  

نواز شریف نے عرفان صدیقی کو مذاکرات کی ناکامی کا ہدف دیا تھا، بیرسٹر سیف

نواز شریف اور مریم نواز گروپ مذاکرات کی ناکامی پر خوشی سے پھولے نہیں سما رہا، بیرسٹر ڈاکٹر سیف
اپ ڈیٹ 29 جنوری 2025 11:51am

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مذاکرات کی ناکامی کا باعث قرار دیا ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کی مذاکرات ناکام کرانے کی کوششیں کامیاب ہو گئیں، نواز اور مریم گروپ مذاکرات کی ناکامی پر خوشی سے پھولے نہیں سما رہا۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بدھ کو جاری ایک بیان کہا کہ نواز شریف نے عرفان صدیقی کو مذاکرات کی ناکامی کا ہدف دیا تھا، اور اس کے بعد عرفان صدیقی اور رانا ثناء اللہ کے بیانات سے حکومت کی غیر سنجیدگی واضح ہو گئی تھی۔

حکومت پی ٹی آئی مذاکرات کا چوتھا دور، پی ٹی آئی کا بائیکاٹ

انہوں نے مزید کہا کہ جوڈیشل کمیشن نہ بنانے سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ ”چور کی داڑھی میں تنکا“ ہے۔ وفاقی حکومت کو خدشہ ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل سے جعلی حکومت کی حقیقت بے نقاب ہو سکتی ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ حقیقت کھل جانے کے بعد جعلی حکومت کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔

مذاکرات کے حق میں نہیں ہوں، نہیں لگتا مذاکرات کامیاب ہوں گے، جنید اکبر

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کو سیاسی عدم استحکام میں اپنی بقا نظر آ رہی ہے، اور اسی لیے وہ اس صورتحال کو مزید پیچیدہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا برسٹر سیف کے بیان پر سخت ردعمل

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے برسٹر سیف کے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کا ذکر کیے بغیر آج بھی آپ کی سیاست نامکمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’این آر او کا متلاشی آپ کا سرٹیفائیڈ کرپٹ لیڈر اور اس کا کرپٹ خاندان ہے۔‘

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ان کی اس حالت میں نوازشریف کا کوئی قصور نہیں ہے، اور اس بات کو بھی واضح کیا کہ مریم نواز کو پنجاب کے عوام کی خدمت سے فرصت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’مذاکرات کا بخار آپ لوگوں کو ہی چڑھا تھا، اڈیالہ جیل کے قیدی کو نواز شریف نے نہیں کہا تھا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کی بغاوتیں کرو۔‘

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ ’اڈیالہ جیل کے قیدی کو مذاکرات میں ڈیل کی کوئی امید نہیں تھی، اس لیے اس نے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا۔‘

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ایمپائر کی انگلی پر چلنے والا شخص بات چیت پر یقین نہیں رکھتا، اور جس کی زندگی بساکھیوں کے سہارے گزری ہو وہ کبھی لیڈر نہیں بن سکتا۔‘

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ’کوچ کی ڈائریکشن پر چلنے والا فراڈیا آج سیاسی یتیم ہو چکا ہے، اور جو اپنے علاوہ کسی کو اہمیت نہیں دیتا، اس سے بات چیت وقت کا ضیاع ہے۔‘

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’یہ خود ہی کہتا تھا کہ چوروں، ڈاکوؤں اور دہشت گردوں کی جگہ جیل ہوتی ہے۔‘

Nawaz Sharif

Barrister Muhammad Ali Saif

Senator Irfan Siddiqui