بس چلےتو ٹیکس کی شرح 15 فیصد کم کردوں، آئی ایم ایف کی وجہ سے مجبور ہوں، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بس چلے تو ٹیکس کی شرح 15 فیصد کم کردوں مگر آئی ایم ایف کی وجہ سے مجبور ہوں، ملک میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 5 فیصد سے کم ہے، بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے شبانہ روز محنت کر رہےہیں، اگلے چند ماہ میں بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی۔
اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کے نئے ہوٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو معاشی لحاظ سے مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہیں، ہماری محنت رنگ لارہی ہے، مہنگائی کی شرح 5 فیصد کم جبکہ پالیسی ریٹ 13 فیصد پر آگیا ہے، آج اسٹیٹ بینک کے اجلاس کے بعد پالیسی ریٹ میں مزید کمی آئے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ ہورہا ہے، معاشی شرح نمو میں اضافے کا سفر شروع ہونے کو ہے، بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے شبانہ روز محنت کررہے ہیں، بجلی کے نرخوں میں کمی سے صںعت، زراعت اور برآمدات کو فروغ ملے گا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ بجلی کے نرخوں میں آئندہ چند ماہ میں خاطرخواہ کمی ہوگی، بجلی کے نرخوں میں کمی سے ملکی صنعت کو مسابقت ملے گی، کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لیے آئندہ چند دنوں میں پالیسی کا اعلان کیا جائے گا، کاروبار درست پالیسیوں میں بہتری حکومت کی ترجیح ہے۔
ڈیفالٹ کا خواب دیکھنے والا ملک دشمن ٹولہ بار بار اسلام آباد پرچڑھائی کی کوشش کرتا ہے، وزیراعظم
ان کا کہنا تھا کہ میرا بس چلےتو ٹیکس کی شرح میں مزید 15 فیصد کمی لے آؤں لیکن اس وقت آئی ایم ایف کی مجبوری ہے اور انشاء اللہ آئی ایم ایف کے ساتھ یہ ہمارا آخری پروگرام ہوگا، حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے ڈاؤن سائزنگ اور رائٹ سائزنگ کی جارہی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ پاک پی ڈبلیو کا محکمہ بند کردیا گیا جو بدعنوانی کا گڑھ تھا، اضافی بوجھ کو کم کرنے کے لیے کئی سرکاری ادارے بند کیے جارہے ہیں، پی آئی اے کی نجکاری کی دوبارہ کوشش کی جارہی ہے۔
وزیراعظم کی انسانی اسمگلنگ کے سدباب کیلئے قانونی فریم ورک مضبوط بنانے کی ہدایت
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کے سد باب کے لیے قانونی فریم ورک کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت انسانی اسمگلنگ کے سدباب کے لیے تشکیل کردہ ٹاسک فورس کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔
وزیراعظم نے انسانی اسمگلنگ کے سد باب کے لیے قانونی فریم ورک کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قانونی فریم ورک کو مزید مؤثر بنانے کے لیے وزارت داخلہ وزارتِ قانون و انصاف سے تعاون کرے، فیڈرل پراسیکیوشن ایکٹ 2023 پر عمل درآمد تیز کیا جائے۔
شہباز شریف نے ایف آئی اے کو بیرون ملک انسانی اسمگلروں کی جلد از جلد حوالگی کے لیے دفتر خارجہ کو انسانی سمگلروں کے خلاف تحقیقات میں جمع کردہ معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسانی اسمگلنگ کا مکمل سد باب تمام اداروں کی مشترکہ کوشش اور تعاون سے ممکن ہے۔
وزیر اعظم کا انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کو نشان عبرت بنانے کا حکم
وزیراعظم شہبازشریف نے انسانی اسمگلنگ کے قصور وار اشتہاری مجرمان کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم کی ایک ہفتے میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کی ہدایت
شہباز شریف نے کہا کہ انسانی اسمگلروں کی گرفتاری اور استغاثہ کے لیے درکار افرادی قوت کا حصول تیز کیا جائے، مراکش سے تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعے میں 27 انسانی سمگلروں کی شنخت کی جا چکی ہے اور 5 کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
Comments are closed on this story.