سوڈان: سعودی اسپتال پر ڈرون حملہ، 70 افراد ہلاک
سوڈان کے شہر الفاشر میں سعودی تدریسی مادرنی اسپتال پر ہونے والے ڈرون حملے میں 70 افراد مارے گئے۔ عالمی ادارہ برائے صحت ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوم گیبریسوس نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ اس حملے کو سوڈانی فوج کے مخالف گروپ، ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) نے مبینہ طور پر انجام دیا، جو حالیہ دنوں میں سوڈانی فوج کے خلاف میدان جنگ میں مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔
عالمی سطح پر اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے اسے ”بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی“ قرار دیا ہے۔
اس دوران، ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے کہا کہ الفاشر میں سعودی اسپتال پر ہونے والے اس افسوسناک حملے میں 19 افراد زخمی جبکہ 70 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ حملے کے وقت اسپتال میں مریضوں کا ہجوم تھا، جو علاج حاصل کر رہے تھے۔
ڈاکٹر ٹیڈروس نے مزید کہا کہ ’ہم سوڈان میں صحت کے مراکز پر حملوں کا سلسلہ رکوانے کی اپیل کرتے ہیں اور اس بات کا مطالبہ کرتے ہیں کہ ان مراکز کی مکمل بحالی کی اجازت دی جائے۔‘
اس کے ساتھ ہی، انہوں نے کہا کہ سوڈانی عوام کو امن کی ضرورت ہے، کیونکہ امن ہی سب سے بہترین علاج ہے۔
خیال رہے کہ امریکی اور بین الاقوامی سفارتی کوششوں کے باوجود سوڈان کی خانہ جنگی میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں سوڈانی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔
Comments are closed on this story.