Aaj News

ہفتہ, مئ 03, 2025  
05 Dhul-Qadah 1446  

بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی بڑھ گئی، کراچی میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چل پڑیں

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج بھی سرد اور خشک رہنے کا امکان
اپ ڈیٹ 22 جنوری 2025 09:59am

ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار ہے، شوگران، باغ اور وادی سوات سمیت بالائی علاقوں میں برفباری سے ہر طرف سفیدی چھا گئی، جس سے سردی بڑھ گئی جبکہ کراچی میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم مزید سرد ہوگیا۔

بلوچستان سے لے کر خیبر تک ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی پڑ رہی ہے، حالیہ بارش اور برف باری کے بعد مختلف اضلاع میں معاملات زندگی محدود ہوگئے ہیں۔

باغ شہر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث سردی میں اضافہ ہوگیا، گنگا چوٹی لسڈنہ، حاجی پیر تولی پیربھیڈی میں بھی برف باری سے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

شوگران میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا، برف کے گالوں نے شوگران کے حسن میں مزید اضافہ کردیا۔

بالائی علاقوں میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع، بلوچستان میں شدید برفباری اور سیلاب کی وارننگ

وادی سوات کے میدانی علاقوں میں بارش ہوئی، بالائی مقامات کالام، مالم جبہ اور مہوڈنڈ میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا جبکہ شدید برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

شمالی بلوچستان میں 3 روز سے جاری ہلکی بارش اور برف باری کا سلسلہ تھم چکا ہے جبکہ کوئٹہ،زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور ملحقہ علاقوں میں کڑاکے کی سردی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج بھی سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور شمال مغربی بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔

کراچی میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم مزید سرد

دوسری جانب کراچی میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم مزید سرد ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں اس وقت موسم سرد اور خشک ہے۔

کراچی میں 24 جنوری سے سردی میں اضافہ ہوگا یا نہیں، اہم پیشگوئی کردی گئی

کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، شمال مشرق سے ہوائیں 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

Cold Weather

karachi weather

weather update

snow fall

karachi cold weather