Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
26 Ramadan 1446  

شوکت یوسفزئی نے عمران خان کیخلاف فیصلے کو سیاسی انتقام قرار دے دیا

میرے خیال میں اب حکومت سے مذاکرات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، سینیئر پی ٹی آئی رہنما
شائع 17 جنوری 2025 01:12pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شوکت یوسفزئی نے 190 ملین پاؤنڈز میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا کے فیصلے کو سیاسی انتقام قرار دے دیا۔

آج آئین انصاف و قانون کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں۔آج کا دن سیاہ دن کے طور پہ یاد رکھا جائے گا ۔کہتے ہیں کہ فیصلے میں حکومت کی بدنیتی بھی عیاں ہے۔فیصلے سے ملک میں جاری سیاسی استحکام کی کوششوں کو دھچکا لگے گا۔اب حکومت سے مذاکرات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں

190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ سیاسی انتقام ہے جس سے آئین، انصاف ارو قانون کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں، آج کا دن سیاہ دن کے طور پہ یاد رکھا جائے گا۔

شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ فیصلے میں حکومت کی بدنیتی بھی عیاں ہیں، فیصلے سے ملک میں جاری سیاسی استحکام کی کوششوں کو دھچکا لگے گا، پوری قوم کو فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے، انشاءاللہ اس فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اب پی ٹی آئی کو بھی سوچنا ہوگا کہ ملک میں انسانی حقوق اور رول آف لا کے لیے کیا لائحہ عمل اختیار کرنا ہے کیونکہ ایسے ماحول میں ملک ترقی نہیں کر سکتا، القادر ٹرسٹ بنانا اتنا بڑا جرم نہیں تھا جس میں عمران خان کو 14 سال اور بشریٰ بی بی کو 7 سال کی سزا دی جا سکے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ فیصلہ تو پارٹی کرے گی مگر میرے خیال میں اب حکومت سے مذاکرات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بد قسمتی سے توشہ خانہ سے قیمتی گاڑیاں لے جانے والے اور منی لانڈرنگ کر کے باہر جائیدادیں بنانے والے آج آزاد گھوم رہے ہیں اور حکومت میں ہیں جبکہ ملک کا نام روشن کرنے اور اپنا سب کچھ ملک کو دینے اور عوام کی آزادی کی جدوجہد کرنے والے عمران خان کو 14 سال سزا دی گئی۔ اس سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی اور جگ ہنسائی ہوگی۔

واضح رہے کہ اڈیالہ جیل میں پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف آج 190 ملین پاؤنڈز کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو 14 سال قید با مشقت کی سزا سنادی اور بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی۔

جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان پر 10 لاکھ اور بشریٰ بی بی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا، جرمانے کی عدم ادائیگی پر عمران خان کو مزید 6 ماہ جبکہ بشریٰ بی بی کو 3 قید بھگتنا ہوگی۔

imran khan

bushra bibi

Shaukat Yousafzai

190 million pounds scandal

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Imran Khan Bushra Bibi

190 MILLLION POUND CASE

PTI Government Talks

pti talks

190 Million Pound Reference Verdict