حکومت مذاکرات سے بھاگ رہی ہے، قیدیوں کے نام کمیشن کو دیں گے، حامد رضا
سنی اتحاد کونسل کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا نے حکومت کے رویے پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات سے بھاگ رہی ہے، اگر اختیار ہے تو کمیشن بنائیں، جہاں ہم قیدیوں کی فہرست پیش کردیں گے۔
خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ رانا ثنا اللہ اور عرفان صدیقی نے ایک پریس کانفرنس کی، جس میں حقائق کا دور دور سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ فرسٹریشن پر مبنی پریس کانفرنس تھی۔
سربراہ سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ ہم سے کہا گیا مطالبات تحریری شکل میں دیں، ان کا یہ خیال تھا کہ ہم اسیران کے نام دیں گے، جس کے بعد وہ این آر او کا بیانیہ بنا سکیں، ہم نے اپنے مطالبات میں واضح پوچھا ہے کہ آپ جوڈیشل کمیشن بنا سکتے ہیں یا نہیں۔
حامد رضا نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز دیے ہیں، جو حکومت کو لگتا تھا کہ نہیں دیں گے۔ انہوں نے 13 جاں بحق کارکنان کے نام بھی بتائے اور کہا کہ 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنائیں ہم وہاں نام دیں گے، جان کی کوئی قیمت نہیں ہوتی مگر فیملی کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سربراہ سنی اتحاد کونسل نے بتایا کہ کہا گیا کہ زخمیوں کی فہرست موجود نہیں ہے، ہمارے پاس زخمیوں کی فہرست بھی موجود ہے، حکومت کے پاس جوڈیشل کمیشن بنانے کا اختیار ہے وہ کریں اس سے زیادہ اختیار نہیں ہے، ہم نے یہ فہرستیں جوڈیشل کمیشن کو فراہم کرنی ہیں اور وہ کریں گے، ہمارے پاس زخمیوں کے میڈیکل سرٹیفکیٹ موجود ہیں، ہم نے کئی کوشش کی گمشدہ کارکنان کا پتا لگایا جا سکے اور ہم نے پتہ لگایا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ آج پریس کانفرنس میں بتاتے کہ جو افراد ملے ہیں وہ ہم نے ڈھونڈے ہیں، ہمیں پتہ تھا کہ حکومت مذاکرات سے بھاگے گی حالانکہ ہم نے پہلی ملاقات میں واضح کردیا تھا کہ جوڈیشل کمیشن ہمارا مطالبہ ہے، پہلی اور دوسری ملاقات کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کنٹرول ماحول میں ہوئی۔
حامد رضا نے کہا کہ 26 نومبر کو جاں بحق ہونے والوں کا خون عالمی سطح پر بھی رنگ لے آیا ہے، سپریم کورٹ نے کہا کہ مظاہرین سکیورٹی ادارے تک پہنچ کیسے گئے، آج کی پریس کانفرنس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت مذاکرت سے بھاگ رہی ہے، کہتے ہیں قیدیوں کے نام لکھ کر نہیں دیے، ہمیں حکومت کے دکھ اور درد کا اندازہ ہے۔
رکن قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ہمیں حکومت کا ایگزیکٹو آرڈر نہیں چاہیے، سلمان اکرم راجا نے ملاقات میں کہا ہے بانی پی ٹی آئی مقدمات کا سامنا کرنے کے بعد باہر آئیں گے۔