دعا ہے کہ عمران خان کو کل ہی سزا ہو جائے، علیمہ خان
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ کل سنانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کیسا انصاف ہے، عمران خان کے سر پر تلوار لٹکائیں اور وہ ڈیل کے لیے بیٹھ جائیں، لگتا ہے فیصلہ پہلے سے طے شدہ ہے، قیدی کو سزا کا نہیں پتہ لیکن پیپر آؤٹ ہو چکا ہے، دعا ہے کہ عمران خان کو کل ہی سزا ہو جائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ جج نے اتنا وقت لگا کر کیس سنا، اب سزا دے ناں، کیوں نہیں دے رہے؟۔
علیمہ خان نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے پی ٹی آئی نے کوئی امید نہیں لگائی، آپ سارا دن ایسے سولات کیوں پوچھتے ہیں؟ کیا بانی پی ٹی آئی ڈیڑھ سال سے ان کے انتظار میں جیل بیٹھے ہیں۔ نواز شریف کو ڈونلڈ ٹرمپ نکالے گا ۔
عمران خان کی بہن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنا نام سرخرو کرنے کے لیے جیل میں بیٹھے ہیں، اب آپ بانی پی ٹی آئی کو اس بات کا کریڈٹ دیں، جیل میں شفاف رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ملتی، القادر ایک احمقانہ کیس ہے، ہم صرف تاریخیں بھگت رہے ہیں۔
17 کا انتظار کر لیتے ہیں کہ یہ کیا ہمت کرتے ہیں اور فیصلہ سناتے ہیں، علیمہ خان
عمران خان کی بہن نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم دعا کرتے ہیں کل بانی پی ٹی آئی کو سزا ہو جائے۔ بانی پی ٹی آئی نے ججز پر اپنا مکمل اعتماد ظاہر کیا ہے ۔ اب بانی پی ٹی آئی کا امتحان نہیں ہے بلکہ اب عدلیہ کا امتحان ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے ان کو امتحان میں ڈالا ہوا ہے ۔کچھ پاس ہو جائیں کچھ فیل ہو جائیں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ بریت ہونی ہوتی تو پہلے ہی دن ہوجاتی۔ اگر کوئی جج بیانی یا غلط فیصلہ دے گا تو میڈیا کھڑا ہے ۔ انہوں نے اپنے لیے شرمندگی ہی بنانی ہے، تو ٹھیک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پیغام بھیجا ہے، 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سزا 23 دسمبر کو سنائی جانی تھی، اس کے بعد 6 جنوری کو آئی اور تاریخ سے پہلے ٹی وی پر پتا چلا کہ پیپر آؤٹ ہوگیا ہے، بہت سے صحافی بتاچکے ہیں کہ بانی کو سزا ہوگی۔ تاخیر اس لیے ہورہی تھی تاکہ بانی ڈیل پر آجائیں۔
عمران خان کی بہن نے کہا کہ بانی نے کہا ہے پہلے سے طے شدہ بھی ہے تو فیصلہ سنا دیں۔ جج ہر حالت میں آئے اور فیصلہ سنائے۔ ججز کو 3 سزاؤں کے بعد ترقی ملے گی ہائیر کورٹس میں۔ ہم عوام ہیں، ہمیں ان ججز کی قدر کرنی چاہیے جو بڑے پریشرز میں انصاف کررہے ہیں۔ ججز نے اپنی ڈیوٹی ادا کی اور پریشر برداشت کیے۔
میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید رکھنی چاہیے کہ پاکستان میں حالات اتنے خراب نہیں ہیں۔ ایک ہوتا ہے آپ غلطی سے سزائیں سنا دیتے ہیں اور ایک ہوتا ہے کہ جان بوجھ کر غلط فیصلہ دیں تو ان کو سزائیں دی جاتی ہیں۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ ہمارے شوکت خانم اور نمل میں ایسے ڈونر ہیں جو 100, 100 کروڑ دینا چاہتے ہیں۔ لوگ صدقہ جاریہ میں بہت حصہ ڈالتے ہیں۔ ہمارا اکیڈیمک بلاک ڈیڑھ سو کروڑ روپے کا ہے۔ کیا بانی کو کوئی فیور دے سکتا ہے؟۔ بانی کیا 50 سے 60 کروڑ روپے کی فیور حاصل کرتا؟۔ 9 ارب روپیہ لوگ شوکت خانم میں دیتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے تیسری بات نیوٹرل امپائر سے متعلق کی ہے۔ انہوں نے کرکٹ میں نیوٹرل امپائر متعارف کروائے۔ وہ کہہ رہے ہیں 9 مئی اور 26 نومبر کے لیے بھی نیوٹرل امپائر لگائیں، جو شفاف تحقیقات کریں اور جس کو بھی سزا دیں گے جو پی ٹی آئی میں ہوگا یا نہیں ہوگا، ججز جو سزا دیں گے بانی نے کہا قبول کروں گا۔
190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ مؤخر ہونا کسی ڈیل کا حصہ نہیں، بیرسٹر گوہر
190 ملین ڈالر کی کرپشن سے متعلق فیصلہ آرہا ہے، انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے، خواجہ آصف
علیمہ خان نے کہا کہ لوگوں کو بغیر ثبوت کے جیلوں میں رکھا گیا۔ ہم پر مقدمات ہیں، کسی بھی تفتیشی افسر نے نہیں بتایا کہ ثبوت کیا ہیں، عمران خان نے کہا ہے کہ مذاکراتی کمیٹی بنائی ہے، یہ ان کی ذمے داری ہے جو وہ مطالبات حکومت کے سامنے رکھیں گے، انہوں نے کہا ہے کہ کوئی ڈیل نہیں کررہا، ہم نے کبھی دروازے بند نہیں کیے۔ عمران خان نے اب بھی دو مطالبات رکھے ہیں، ہمارے پاس سیکنڈ ہینڈ معلومات آتی ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر آرمی چیف نے بیرسٹر گوہر اور علی امین سے ملاقات کی ہے تو یہ ملاقات خوش آئند ہے۔