Aaj News

بدھ, جنوری 15, 2025  
15 Rajab 1446  

نکتہ اعتراض پر بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی سے واک آؤٹ

اپوزیشن سیاست کررہی ہے، عوامی مسائل پرتوجہ نہیں دے رہی، اسپیکر ایاز صادق
شائع 15 جنوری 2025 07:20pm

قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایوان سے احتجاجا واک آﺅٹ کردیا، اسپیکر ایازصادق کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سیاست کررہی ہے، عوامی مسائل پرتوجہ نہیں دے رہی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا تو آغاز کے موقع پر ہی پاکستان تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے احتجاج کرنا شروع کر دیا اور ایوان میں نعرے بازی شروع کر دی۔

پی ٹی آئی کے رکن یوسف خان نے کورم کی نشاندہی کی جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے ممبران کی گنتی کرائی۔

اس دوران پی ٹی آئی ارکان نے نکتہ اعتراض پر بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر احتجاج کیا اور وقفہ سوالات کے دوران شدید نعرے بازی کی۔

پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف اراکین کا انوکھا احتجاج

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تحریک انصاف کو نکتہ اعتراض کی اجازت دینے سے انکار کردیا، جس پر پی ٹی آئی ارکان نے وقفہ سوالات کے دوران شدید نعرے بازی کی۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ احتجاج غیر مناسب ہے، اسپیکر کو ان کو روکے رکھنا چاہیئے، یہ لوگ فوٹو گرافی اور ویڈیو گرافی میں دخل اندازی کر رہے ہیں۔

اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ جناب اسپیکر ان کو روکیں، یہ غیر مناسب احتجاج ہے، فوٹو گرافی کا شعبہ انہوں نے سنبھال لیا ہے، کم از کم ان کو ویڈیو گرافی سے روکیں۔

جس پر پی ٹی آئی ارکان کا کہنا تھا کہ ان کو اپنے مسائل پر اظہارِ خیال کا موقع نہیں دیا جا رہا۔

بعدازاں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین نے ایوان میں بولنے کی اجازت نہ ملنے پر احتجاج واک آﺅٹ کر دیا۔

اسپیکر ایاز صادق کا کہنا تھا کہ کسی کے دباؤ میں آکر ایوان کی کارروائی نہیں چلاؤں گا، ایوان کی کارروائی اسمبلی کے قواعد کے مطابق چلاؤں گا، ایوان کی کارروائی بہت اہمیت کی حامل ہے ایوان میں عوامی مسائل کو زیر بحث لانا چاہیئے۔

مجھے ’اوووو‘ والا احتجاج پسند نہیں، ایسے تو گیدڑ کرتے ہیں، شیر افضل مروت

انہوں نے مزید کہا کہ طے ہوا تھا کہ اپوزیشن کے ممبران کورم کی نشاندہی نہیں کریں گے، یہ بھی طے ہوا تھا کہ وقفہ سوالات کے دوران نقط اعتراض نہیں لیا جائے گا اور نہ ہی کورم کی نشاندہی کی جائے گی، وقفہ سوالات کا دورانیہ کا تعلق براہ راست عوام کے مسائل سے ہوتا ہے، ہمیں عوام نے منتخب کرکے اپنےمسائل کے حل کے لیے پارلیمان میں بھیجا ہے۔

اسلام آباد

National Assembly

PTI protest

ayaz sadiq

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

sardar ayaz sadiq