Aaj News

بدھ, جنوری 15, 2025  
15 Rajab 1446  

سعودی عرب میں مختلف جرائم میں 10 ہزار سے زائد پاکستانیوں کے قید ہونے کا انکشاف

پاکستان میں قیدیوں کی وطن واپسی میں کوئی رکاوٹ نہیں، اسحاق ڈار کا قومی اسمبلی میں بیان
شائع 15 جنوری 2025 05:37pm

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی اجلاس میں بتایا کہ 10 ہزار 279 پاکستانی مختلف جرائم میں سعودی عرب میں قید ہیں، پاکستان میں قیدیوں کی وطن واپسی میں کوئی رکاوٹ نہیں، سعودی عرب نے معاہدے کے تحت 570 قیدیوں کی پاکستان منتقلی کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز کی زیر صدارت ہوا، جہاں وقفہ سوالات کے دوران وزارت خارجہ کی جانب سے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار کے حوالے سے تحریری طور پر بتایا گیا کہ کسی بھی خلیجی ملک نے پاکستانیوں کو ویزا جاری کرنے پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری نہیں کیں، اور نہ کسی بھی جی سی سی ملک کی جانب سے ایسی کوئی ہدایات سے مطلع نہیں کیا گیا ہے۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ کچھ ممالک نے پاکستانی شہریوں کے گدا گر، جعلسازی، منشیات کی اسمگلنگ اور سیاسی سرگرمیوں سے متعلق خدشات اور تحفظات کا اظہار کیا ہے، وزارت اوورسیز اور وزارت داخلہ ان خدشات کو دور کرنے کے لیے مل کر کام کر رہے۔

قومی اسمبل اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی تفصیلات پیش کی گئیں۔

سعودی عرب میں گرفتار پاکستانیوں کے حوالے سے پاکستانی سفیر کا اہم بیان

اس موقع پر اسحاق ڈار نے بتایا کہ سعودی عرب میں مختلف جرائم میں قید پاکستانیوں کی تعداد 10 ہزار 279 ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ جس قیدی نے سزا مکمل کرلی ہو اور پاسپورٹ کی معیاد ختم ہو تو ایمرجنسی ٹریول دستاویزات فراہم کیے جاتے ہیں جبکہ سزا پوری کرنے والے قیدیوں کے جرمانے کی رقم پاکستانی کمیونٹی ادا کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں قیدیوں کی وطن واپسی میں کوئی رکاوٹ نہیں، سعودی عرب نے قیدیوں کی منتقلی یا حوالگی کے معاہدے کے تحت 570 قیدیوں کی پاکستان منتقلی کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے۔

پاور ڈویژن کے ذیلی اداروں اور تقسیم کار کمپنیوں میں کھربوں کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف

قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ پاور ڈویژن کے ذیلی اداروں اور تقسیم کار کمپنیوں میں کھربوں روپے کی مالی بے ضابطگیاں ہوئیں ہیں، گزشتہ 3 سال میں پاور ڈویژن کے ذیلی اداروں اور تقسیم کار کمپنیوں کے 93 کھرب، 205 ارب روپے سے زائد کے آڈٹ پیراز زیر التوا ہیں۔

قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران پاور ڈویژن کی جانب سے ایوان کو تحریری طور پر بتایا گیا کہ تین سالوں کے حل طلب 287 آڈٹ پیرازہیں، پاور ڈویژن کے ذیلی اداروں اور تقسیم کار کمپنیوں میں کھربوں روپے کی مالی بے ضابطگیاں کیں ہیں۔

تفصیلات میں بتایا گیا کہ گزشتہ 3 سال میں پاور ڈویژن کے ذیلی اداروں اور تقسیم کار کمپنیوں کے 93 کھرب، 205 ارب روپے سے زائد کے آڈٹ پیراز زیر التوا ہیں اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے فعال ہونے سے ہی یہ آڈٹ پیراز حل ہوں گے اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔

تفصیلات میں یہ بھی بتایا گیا کہ ڈیپارٹمنٹل اکاونٹس کمیٹی نے مالی بے ضابطگیوں پر کل 72 افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

شہریوں کو ایندھن سے الیکٹرک گاڑیوں پر منتقل کرنے کیلئے حکومت کا بڑا اعلان

وفاقی وزیر اویس لغاری نے ایوان کو بتایا کہ توانائی ٹاسک فورس اور آئی پی پیز کے درمیان 5 آئی پی پیز کے ساتھ بجلی خریداری کے معاہدے ختم کیے گئے ہیں، ان منصوبوں کے ساتھ نظر ثانی ٹیرف کی شرائط کے مطابق قومی خزانے کو 411 ارب روپے کی بچت ہوگی۔

ان کا کنہا تھا کہ بگاس سے چلنے والے 8 منصوبوں کے ساتھ نظر ثانی ٹیرف پر قومی خزانے کو 238 ارب روپے کی بچت ہوگی۔

اویس لغاری نے کہا کہ آئی پی پیز سے بات چیت مکمل ہونے کے بعد ٹیرف میں 2 روپے سے 4 روپے فی یونٹ تک کمی ہو سکتی ہے۔

وزیر توانائی کا مزید کہنا تھا کہ سلیب سسٹم پرنظرثانی کا حکومت کا کوئی ارادہ نہیں ہے کیونکہ اس سےگھریلو صارف پر بہت بوجھ پڑے گا، البتہ اگلے مہینے سے بجلی کے شعبے میں کسٹمر کئیر سروس کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے اور بجلی کے شعبے میں شکایات کے لیے ایمرجنسی نمبر متعارف کرایا جائے گا۔

Saudia Arabia

Saudi Arab

saudi arab jail

pakistani prisoners in saudi arabia

gulf country